رہائشی پلاٹوں پر کاروبار کرنے والوں پر جرمانے کی تیاری

ہوٹلز، اسکولز، ٹیوشن سینٹر، بیوٹی پالرز چلانا الاٹمنٹ کی بنیادی شرائط کی خلاف ورزی ہے


Staff Reporter October 05, 2019
جرمانے کی رقم کے ڈی اے اسکیموں کے ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے گی، ڈاکٹر بدر جمیل فوٹو:فائل

ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ رہائشی پلاٹوں پر تجارتی سرگرمیاں خصوصاً کمرشل ادارے، ہوٹلوں، اسکولوں، ٹیوشن سینٹر اور بیوٹی پارلرچلانا الاٹمنٹ کی بنیادی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔

ڈاکٹر بدر جمیل نے کے ڈی اے لیبر یونین کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف کے ہمراہ اسفالٹ پلانٹ اور صفورا گوٹھ کے دورے پر گفتگو میں کہا کہ کے ڈی اے جلد ہی لائحہ عمل تیار کرکے ایسے تمام پلاٹوں کے مالکان سے جرمانہ وصول کرے گا،جمع ہونیوالی رقم مختلف اسکیموں میں ضروری ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے گی۔

ڈی جی کے ڈی اے نے اسفالٹ پلانٹ میں موجود مشینریز اور آلات کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ خستہ حال مشینری و آلات کی نشاندہی کرکے تحریری رپورٹ پیش کی جائے۔

انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ کے ڈی اے کے زیرکنٹرول شاہراہوں، پارکس، نرسریز اور ان کے سائٹ آفسز، کے ڈی اے فلیٹس نارتھ ناظم آباد اور کے ڈی اے اسکیم ون کی تمام تر تفصیلات فراہم کرنے کے ساتھ لائنز ایریا پارکنگ پلازہ، شہاب الدین مارکیٹ، سہراب گوٹھ ورکشاپ، سوک سینٹر کورنگی کی اسکیموں میں خالی فلیٹس کی بھی رپورٹ پیش کی جائے۔