فرمائش پوری نہ ہونے پر لڑکی نے خودکشی کرلی

عیدکے کپڑے اور دیگر چیزیں خریدنے کا کہاتھا، والدین نے غربت کے باعث انکار کردیا


Numainda Express October 08, 2013
متوفیہ کے اہل خانہ لڑکی کی خودکشی کے اسباب کے متعلق کچھ بتانے سے گریزاں ہیں۔

ہوسڑی کے علاقے بہار کالونی میں 15سالہ ثناء بنت وحید بہاری نے مبینہ طور پر فرمائش پوری نہ ہونے پر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔

ہوسڑی پولیس نے اطلاع ملنے پر لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کے لیے سول اسپتال پہنچایا تاہم لڑکی کے اہل خانہ نے پوسٹمارٹم کرانے سے انکار کردیا اور لاش کو بغیرکسی قانونی کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے۔ متوفیہ کے اہل خانہ لڑکی کی خودکشی کے اسباب کے متعلق کچھ بتانے سے گریزاں ہیں۔



تاہم علاقے میں یہ بات گردش کررہی ہے کہ لڑکی نے اپنے والدین سے عیدالاضحی کے سلسلے میں کپڑے بنانے اور دیگر چیزیں خرید کر دینے کا کہا تھا لیکن والدین نے غربت کے باعث اس کی فرمائش پوری کرنے سے انکار کردیا جبکہ اس کے والد کے متعلق بتایاجارہا ہے کہ وہ محنت کش ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ ہوسڑی پولیس سے رابطے کی کوشش کی گئی تاہم رابطہ نہیں ہوسکا۔