ٹیسٹ سلیکشندرکھلا دیکھ کرنوجوان پلیئرز کا جوش بڑھ گیا

پاکستان اے اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ روزہ پریکٹس میچ آج شارجہ میں شروع ہو گا


Sports Desk October 08, 2013
نوجوان پلیئرز پروٹیز پر اپنے ہنر آزما کر سلیکٹرز کو متاثر کرنے کی کوشش کریں گے، فوٹو: فائل

پاکستان اے اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ روزہ پریکٹس میچ منگل سے شارجہ میں شروع ہوگا۔

ٹیسٹ سلیکشن کا در کھلادیکھ کرنوجوان پلیئرزکا جوش بڑھ گیا، پروٹیز پر اپنے ہنر آزما کر سلیکٹرز کو متاثر کرنے کی کوشش کریں گے، مڈل آرڈر میں جگہ کیلیے اسد شفیق، فیصل اقبال اور صہیب مقصود میں جنگ ہوگی، دوسری جانب پروٹیز کی توجہ مقامی کنڈیشنز سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہونے پر مرکوز رہے گی ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے سلیکٹرز نے صرف 12 پلیئرزمنتخب کیے، باقی تین کا انتخاب اے ٹیم میں سے کرنے کا اعلان کیا گیا، اس طرح نوجوان کرکٹرز پر واضح کردیا گیا کہ وہ بہتر کارکردگی سے ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بناسکتے ہیں۔

جس سے کھلاڑیوں کی توجہ بطور ٹیم کھیلنے کے بجائے صرف اپنی انفرادی پرفارمنس پر مرکوز ہونے کا احتمال بڑھ گیا، صرف ایک اوپنر خرم منظور کو منتخب کرنے سے اس بات کا امکان روشن ہے کہ دوسری نشست کیلیے احمد شہزاد جبکہ کور کیلیے شان مسعود کا انتخاب عمل میں لایا جا سکتا ہے۔



اسی طرح مڈل آرڈر میں دستیاب جگہ کیلیے اسد شفیق، فیصل اقبال اور صہیب مقصود کی آپس میں جنگ چھیڑ دی گئی،اسد اس سال جنوبی افریقہ کیخلاف ایک سنچری کے سوا خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے،فیصل اقبال سری لنکا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے ٹورز میں ٹیم میں شامل رہے لیکن کھیلے بغیر واپس آ گئے۔

پاکستان اے ٹیم شان مسعود، احمد شہزاد، اظہر علی، فیصل اقبال، اسد شفیق، احسان عادل، احمد جمال، اکبر الرحمن، عثمان قادر، یاسر شاہ، صہیب مقصود، اعزاز چیمہ، عمران خان اور محمد رضوان پر مشتمل ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقی سائیڈ کی توجہ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے پر مرکوز ہے، کوچ ڈومنگو رسل پہلے ہی واضح کرچکے کہ وہ سلو ٹریکس پر اپنے فاسٹ ہتھیاروں سے پاکستانی بیٹنگ لائن کو نشانہ بنائیں گے۔انھوں نے اسپنر ذوالفقار بابر کے خلاف بھی خصوصی منصوبہ بندی کا عندیہ دیا تھا۔