مرید عباس قتل کیس، مفرور عادل زمان قانون کی گرفت میں آگیا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 10 اکتوبر 2019
مقتولین نے کاروبار کے لیے بھائی کے پاس سرمایہ کاری کی تھی، نقصان ہونے پر رقم کی واپسی کا تقاضا کر رہے تھے،ملزم
فوٹو:فائل

مقتولین نے کاروبار کے لیے بھائی کے پاس سرمایہ کاری کی تھی، نقصان ہونے پر رقم کی واپسی کا تقاضا کر رہے تھے،ملزم فوٹو:فائل

کراچی:  ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس اور خضر حیات قتل کیس میں مفرور ملزم عادل زمان کو پولیس نے ایمپریس مارکیٹ کے قریب سے گرفتار کرلیا۔

درخشاں تھانے کے انسپکٹر عتیق الرحمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ 9 جولائی کو درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس میں ملزمان عاطف زمان اور اس کے بھائی عادل زمان نے فائرنگ کرکے ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس اور اس کے دوست کو رقم کے تنازع پرفائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

پولیس نے واقعے کے چند گھنٹوں بعد مرکزی ملزم عاطف زمان کو اس کے فلیٹ سے گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا تھا گرفتار ملزم کا بھائی عادل زمان آبائی گاؤں فرار ہوگیا تھا پولیس پارٹی نے اس کے گاؤں میں بھی چھاپے مارے تاہم گرفتاری عمل میں نہ آسکی انسپکٹر عتیق الرحمن نے مزید بتایا 9 اکتوبر کو اطلاع ملی مفرور ملزم عادل زمان ایمپریس مارکیٹ کے قریب موجود ہے۔

پولیس پارٹی نے کارروائی کرکے ملزم عادل زمان کو گرفتار کرلیا پولیس افسر کا کہنا تھا ملزم کو باقاعدہ مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا ہے ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا اس نے اپنے گرفتار بھائی عاطف زمان کے ساتھ مل کر مرید عباس اور اس کے دوست خضر حیات کو قتل کیا تھا مقتولین نے کاروبار کے لیے میرے بھائی کے پاس پیسے لگائے تھے نقصان ہونے پر واپسی کا تقاضہ کر رہے تھے نہ دینے پر مرید عباس اور خضر حیات جان سے مارنے اور بند کرانے کی دھمکیاں دے رہے تھے۔

تفتیشی افسر نے مزید بتایا ملزم عادل زمان نے تفتیش میں مزید بتایا کہ اینکر پرسن اور اس کے دوست کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت اپنے دفتر بہانے سے بلاکر فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔