عالمی مسابقتی انڈیکس، پاکستان 3 درجے تنزلی کیساتھ 110 ویں نمبر پر

شہباز رانا  جمعرات 10 اکتوبر 2019
سب سے زیادہ خراب کارکردگی میکرواکنامک استحکام میں رہی جہاں پاکستان 13 درجے نیچے آیا
۔ فوٹو: سوشل میڈیا

سب سے زیادہ خراب کارکردگی میکرواکنامک استحکام میں رہی جہاں پاکستان 13 درجے نیچے آیا ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 اسلام آباد: ورلڈ اکنامک فورم  کے عالمی مسابقتی انڈیکس ( جی سی آئی ) میں  پاکستان کی رینکنگ 3 درجے کم ہوکر 110 پر آگئی۔

گلوبل مسابقتی رپورٹ برائے 2019 کے مطابق 3 درجے تنزلی کی وجہ 12 ستونوں میں سے 7 میں پاکستان کی خراب کارکردگی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع ابلاغ کی آزادی اور  بدعنوانی  کے اشاریوں میں پاکستان کی کارکردگی گذشتہ  برس سے بھی خراب رہی البتہ  منظم جرائم کی بیخ کنی اور عدلیہ کی آزادی کے ضمن  میں رینکنگ نمایاں طور پر بہتر ہوئی۔

اوسط عمر  6  ماہ کم ہوکر 58 برس پر آگئی۔ رپورٹ  میں شامل ایک حیران کُن امر یہ تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کے انڈیکس میں پاکستان سب سے نیچے  ہے حالانکہ  ملک میں  امن و امان کی  صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے اور  پچھلے ایک سال میں  دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ رونما نہیں ہوا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان جنوبی ایشیائی اقوام میں سب سے نیچے  ہے۔ اس رپورٹ میں 141 ممالک میں گورننس، اختراعات، پیداواریت اور انسانی ترقی کا تقابلی جائزہ لیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔