عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں ’’حمد‘‘ سوشل میڈیا پر مقبول

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اکتوبر 2019
عاطف اسلم نےخدا کی حمد و ثنا بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بے شک تمام تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں۔‘‘ فوٹواسکرین گریب

عاطف اسلم نےخدا کی حمد و ثنا بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بے شک تمام تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں۔‘‘ فوٹواسکرین گریب

کراچی: نامور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں پڑھی جانے والی حمد ’’وہی خدا ہے‘‘ سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہورہی ہے عاطف اسلم نے یہ حمد اپنے بیٹے احد کے نام کی ہے۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں گائی گئی قوالی ’’تاجدار حرم‘‘ آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔ عاطف اسلم کی آواز میں گائی گئی یہ قوالی کوک اسٹوڈیو کے مقبول ترین ٹریکس میں سے ایک ہے جس کے ویوز کی تعداد بھی کروڑوں میں ہے۔

عاطف اسلم ایک بار پھر اپنی خوبصورت آواز میں پڑھی جانے والی حمد سے کوک اسٹوڈیو کے تمام گانوں کا ریکارڈ توڑنے والے ہیں۔ گزشتہ کچھ سیزن سے کوک اسٹوڈیو کی مقبولیت میں اضافے کے بجائے کمی آتی جارہی ہے یہی وجہ ہے کہ کوک اسٹوڈیو انتظامیہ نے سیزن 12 کا آغاز عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں پڑھی جانے والی حمد ’’وہی خدا ہے‘‘ سے کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کا یہ فیصلہ صحیح بھی ثابت ہوا ہے۔

عاطف اسلم نے حمد کی کچھ جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔ ویڈیو کے ساتھ عاطف اسلم نےخدا کی حمد و ثنا بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بے شک تمام تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں۔‘‘

عاطف اسلم نے  ویڈیو میں  حمد پڑھنے اور خدا کے ساتھ اپنے روحانی رابطے کا تجربہ بھی لوگوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا ’’جو دل سے چیز پڑھی ہوئی ہوتی ہے وہ آپ کے حضور قبول ہوتی ہے، اور ایک دفعہ قبول ہوجائے تو آپ اس فہرست میں شامل ہوجاتے ہیں جن کو وہ (خدا) چاہتا ہے۔‘‘

گلوکار عاطف اسلم نے یہ خوبصورت حمد اپنے بیٹے احد عاطف اسلم کے نام کرتے ہوئے نہایت جذباتی لہجے میں کہا ’’میرا بیٹا جب بڑا ہوگا تو وہ اس حمد کو سنے گا اور اسے اس چیز کی خوشی ہوگی کہ میرے باپ نے حمد پڑھی تھی۔‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔