نوتزئین شدہ گلشن جناح کو فیملی پارک کا درجہ دینے کا اعلان گورنر نے افتتاح کیا

ہزاروں نئے پودے لگائے گئے ہیں، تاریخی اہمیت کا حامل مرکزی دروازہ بھی تعمیر کیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ


Staff Reporter October 09, 2013
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد تزئین و آرائش کے بعدگلشن جناح کی تختی کی نقاب کشائی کررہے ہیں ۔ فوٹو : آن لائن

پشاور: گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے منگل کو نو تزئین شدہ گلشن جناح ( پولوگراؤنڈ ) کے افتتاح کے موقع پر اسے فیملی پارک کا درجہ دینے کا اعلان کردیا ۔

انھوں نے ہدایت کی کہ جھیل پارک ، باغ ابن قاسم ، بینظیر شہید پارک اور کلفٹن بیچ پارک کی تزئین و آرائش کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر انجام دیا جائے اور انھیں شہریوں کیلیے مزید خوبصورت اور دیدہ زیب بنایا جائے،گلشن جناح ( پولو گراؤنڈ ) کی مستقل مرمت اور اس میں شہریوں کیلیے فراہم کی گئیں سہولت کی حفاظت کا موثر انتظام کیا جائے،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ثاقب احمد سومرو کے ہمراہ پارک کا افتتاح کرتے ہوئے ہمسایہ دوست ملک چین کے طرز تعمیر سے ہم آہنگ پارک کے مرکزی دروازے پر فیتہ کاٹا ، تختی کی نقاب کشائی کی ۔

اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اشفاق ملاح ، ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ نیاز احمد سومرو اور دیگر افسران بھی موجود تھے ، گورنر سندھ نے امید ظاہر کی کہ گلشن جناح ( پولو گراؤنڈ ) کی جدید طرز کے مطابق ازسرنو تعمیر سے یہاں شہریوں کو مزید بہتر سہولت مہیا ہوں گی اور وہ یہاں اپنے اہلخانہ کے ساتھ گزارے ہوئے فرصت کے لمحات سے لطف اندوز ہوں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے کہا کہ گلشن جناح ( پولوگراؤنڈ )20 ایکڑ رقبے پر17 کروڑ روپے کی لاگت سے ازسر نو تعمیر کیا گیا ہے۔



گلشن جناح ( پولوگراؤنڈ ) میں ہزاروں کی تعداد میں نئے پودے لگائے گئے ہیں اور بہت عرصے بعد درختوں اور پودوں کی ایسی مختلف اقسام متعارف کرائی گئی ہیں جن پر 12 مہینے پھول کھلے رہتے ہیں ، نئے لگائے جانے والے پودوں او ردرختوں میں کنگی پام ، ملائیشین پام ، بوتل پام ، سائی کس پام ، ڈسمارسیاپام اور دیگر شامل ہیں، پارک میں داخلے کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل مرکزی دروازہ بھی تعمیر کیا گیا ہے جو پاکستان اور ہمسایہ دوست ملک چین کے طرز تعمیر سے ہم آہنگ ہے۔

پارک کی بیرونی دیوار اور جالی بھی اسی طرز تعمیر کے مطابق تعمیر کی گئی ہے،پارک میں نماز عید کے اجتماع کیلیے عید گاہ کو بہتر بنانے سمیت بچوں کیلیے کھیلنے کی جگہ ، جدید میوزیکل فاؤنٹین ، جاگنگ ٹریک ، لائٹنگ ٹاور سمیت دیگر سہولت مہیا کی گئی ہیں، 4 اسٹون کینوپیز اور اسٹون بینچز، راہداریاں، وسیع و عریض لان، لائٹنگ ٹاور، کارپارکنگ، 1.1 کلومیٹر طویل جاگنگ ٹریک، سرسبز قطعات، پھولدار پودوں سے مزین کیاریاں اور بچوں کے کھیلنے کیلیے خصوصی تفریحی حصہ شامل ہے۔