جاوید بحریہ سوسائٹی، ڈاکوؤں نے 2 گھروں سے 142 تولہ سونا، کرنسی اور اسلحہ لوٹ لیا

اسٹاف رپورٹر  پير 14 اکتوبر 2019
ٹرانسپورٹراوررٹائرڈ افسرکے گھرسے142تولہ سونا،81ہزار ریال،4 ہزارڈالر،9موبائل فونز،5دستی گھڑیاںاور اسلحہ لوٹ کر لے گئے
 فوٹو: فائل

ٹرانسپورٹراوررٹائرڈ افسرکے گھرسے142تولہ سونا،81ہزار ریال،4 ہزارڈالر،9موبائل فونز،5دستی گھڑیاںاور اسلحہ لوٹ کر لے گئے فوٹو: فائل

کراچی:  ماڑی پورروڈ جاوید بحریہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے 2 گھروں میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ڈکیت 142 تولہ سونا،81 ہزار سعودی ریال،4 ہزار ڈالر،9 موبائل فون،5 دستی گھڑیاں، ایک 30 بور پستول اور ایک 32 بور ریوالور اور گولیاں لوٹ کر فرار ہوگئے ،ڈکیت 3 بجے کے قریب گھروں میں داخل ہوئے اور 5 بجے تک لوٹ مار کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوارکی درمیانی شب ماڑی پور تھانے کی حدود ماڑی پورروڈ جاوید بحریہ ہاؤسنگ سوسائٹی فیز2 گلی نمبر8 میں ٹرانسپورٹر فردوس احمد خان اوران کے پڑوسی رٹائرڈ سرکاری افسر مقبول حسین کے گھر مکان نمبر 11 اور 13 میں مسلح ڈکیت داخل ہوئے ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یرغمال بناکر رسیوں سے باندھ کر کمروں میں بند کردیا۔

ڈاکوؤں نے دونوں گھروں سے 142 تولہ سونا،81ہزار ریال ، 4 ہزارامریکی ڈالر،9 موبائل فونز،5 دستی گھڑیاں ، ایک 30 بور پستول ، ایک 32 بور ریوالور اور گولیاں لوٹ کر فرار ہوگئے ، ڈکیتی کی واردات کی اطلاع پر پولیس نے جائے واردات سے ڈاکوؤں کے فنگرپرنٹس اور شواہد اکٹھے کرلیے ، متاثرہ ٹرانسپورٹر فردوس احمد خان نے بتایا کہ ڈکیت جنگل اور قبرستان کی طرف سے سوسائٹی میں داخل ہوئے۔

ڈکیت مرکزی گیٹ کی گرل سے گھر میں آئے اورگھر والوں کو یرغمال بناکر کمرے میں بند کردیا ،ڈاکوؤں نے گھر سے42 تولہ سونا ، 5لاکھ روپے، 4 قیمتی موبائل فونز لوٹے ،ڈاکوؤں نے اہلیہ کے طلائی زیورات بھی اتروالیے، ڈکیت 3 بجے گھر میں داخل ہوئے اور5 بجے تک لوٹ مار کرتے رہے پھر مسلح ڈکیت پڑوسی رٹائرڈ سرکاری افسر مقبول حسین کے گھر میں داخل ہوئے اور ان کو بھی لوٹ لیا۔

مسلح ڈکیت جاتے جاتے ایک چپل ، مفرل اور اسکارف چھوڑگئے جو پولیس کے حوالے کردیا گیا ، مقبول حسین کے بھائی ذاکر حسین نے بتایا کہ8 سے10ڈکیت فردوس خان کے گھر سے ان کے گھر میں داخل ہوئے ڈاکوؤں نے بھائی مقبول حسین کو باندھ کر ان پر تشدد بھی کیا اورگھر کی خواتین کو دوسرے کمرے میں بند کردیا، ڈاکوؤں نے گھر کی الماریاں توڑکر شادی شدہ بہن بھائیوں کا100 تولہ سونا،81 ہزار سعودی ریال ،4 ہزار امریکی ڈالر، 5 موبائل فونز، 5 دستی گھڑیاں لوٹ لیں اورایک 30 بور پستول ، ایک 32 بور ریوالور ساتھ لے گئے۔

ڈاکوؤں نے جاتے ہوئے 3 موبائل فون توڑدیے تاکہ ان کے جانے کے بعد ہم پولیس کو اطلاع نہ کردیں، ڈاکوؤں نے جو سونا لوٹا ہے اس میں رشتے داروں کا امانتاً رکھوایا گیا سونا بھی شامل ہے ، واردات کے 3 گھنٹے کے بعد تک ان کے موبائل فون کھلے ہوئے تھے اور کال کرنے پر بیل جارہی تھی اور سی پی ایل سی کے ذریعے موبائل فون کی لوکیشن ایس ایچ او ماڑی پور کو موصول ہوگئی لیکن تھانیدار نے موبائل فون کی صحیح لوکیشن پر چھاپہ مارنے کے بجائے ٹرک اڈے پر چھاپہ مارا ،پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کی لوکیشن کہیں اور کی آ رہی ہے۔

متاثرہ فیملی نے بتایا کہ تمام ڈاکوؤں نے چہرے چھپائے ہوئے تھے،کچھ ڈکیت پشتو اور کچھ فارسی میں بات کررہے تھے، بعدازاں ماڑی پور پولیس نے 2 گھروں میں ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ الزام نمبر 19/293 بجرم دفعہ 392 کے تحت ٹرانسپورٹر فردوس احمد خان کے بیٹے سلمان خان کی مدعیت میں 8 ڈاکوؤں کے خلاف درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔