بلز کی ادائیگی کے باوجود بدترین لوڈشیڈنگ کی مذمت

مارکیٹس میں شام 6 تا رات 9 بجلی بند کرنے سے گریز کیا جائے، صدر کراچی تاجر اتحاد


Business Reporter October 10, 2013
ضرورت اس امر کی ہے ان مارکیٹوں میں شام 6بجے سے رات 9بجے تک لوڈشیڈنگ کرنے سے گریز کیا جائے۔ فوٹو: فائل

آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر اور لیاقت آباد الائنس آف مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدرانصار بیگ قادری ودیگر عہدیداران نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کے ای ایس سی انتظامیہ چھوٹے بڑے دکانداروں اور تاجروں سے ماہانہ بنیادوں پر وصول کیے جانے والی ٹی وی فیس کی وصولیاں بند کرنے کے احکام جاری کرے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے چھوٹے تاجرودکاندار کے ای ایس سی کو پابندی کے ساتھ بجلی کے بلوں کی ادائیگیاں کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے اور بیشتر اوقات معمولی نوعیت کے فالٹ کی درستگی کے لیے متعلقہ کے ای ایس سی حکام بجلی کے بلوں کی ادائیگیاں کرنے کا مشورہ دیتے ہیں جو ناقابل فہم ہے۔



انہوں نے بتایا کہ لیاقت آباد کی مارکیٹوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے ان مارکیٹوں میں شام 6بجے سے رات 9بجے تک لوڈشیڈنگ کرنے سے گریز کیا جائے بصورت دیگر کے ای ایس سی کے صارفین قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔