خوبصورتی کا آپریشن ناکام، خاتون کھلی آنکھوں سے سونے پر مجبور

ویب ڈیسک  جمعرات 17 اکتوبر 2019
چینی خاتون نے آنکھوں کے پپوٹوں کا آپریشن کرایا جس کے منفی نتائج برآمد ہوئے (فوٹو: بشکریہ اوڈٹی سینٹرل)

چینی خاتون نے آنکھوں کے پپوٹوں کا آپریشن کرایا جس کے منفی نتائج برآمد ہوئے (فوٹو: بشکریہ اوڈٹی سینٹرل)

بیجنگ: ایک چینی خاتون نے لاکھوں روپے خرچ کرکے آنکھوں کے پپوٹوں کی خاص سرجری کرائی لیکن ان کا خواب اس وقت چکنا چور ہوگیا جب وہ سونے گئیں کیونکہ نیند کے دوران بھی ان کی آنکھیں نیم کھلی رہیں اور وہ کسی بھی طرح بند نہیں ہوئیں۔

ایشیائی ممالک بالخصوص چین میں کئی خواتین کے پپوٹوں پر قدرتی لائن نہیں ہوتی اور اس کیفیت کو ’مونولڈ‘ کہتے ہیں۔ اس کے لیے ڈبل آئی لِڈ سرجری کرائی جاتی ہے جو ایشیائی ممالک میں عام ہے۔ اس طرح خاتون کی آنکھیں بڑی اور خوبصورت لگتی ہیں۔

لائی نامی ایک خاتون نے 1800 ڈالر یا پاکستانی تین لاکھ روپے خرچ کرکے آنکھوں کی سرجری کرائی لیکن بعد میں انہیں افسوس کرنا پڑا۔ پہلے آپریشن میں ان کی آنکھ بڑی اور خوبصورت ہوگئی لیکن ان کی تشفی نہ ہوئی تو انہوں نے اضافی رقم دینے کا کہہ کر آنکھوں کو پپوٹے کھولنے کا دوسرا آپریشن کروالیا تاکہ آنکھ بڑی اور واضح ہوجائے لیکن اس کا خوفناک نتیجہ برآمد ہوا۔

ایک جانب تو ان کی آنکھیں کھنچ کر عجیب و غریب ہوگئیں اور دوم یہ ہوا کہ ہزار کوشش کے باوجود خاتون کی آنکھیں بند نہیں ہو پا رہیں اور اب حال یہ ہے کہ وہ سوتی ہیں تب بھی ان کی آنکھیں کھلی ہوتی ہیں۔

اب حال یہ ہے کہ خود ہسپتال کا عملہ بھی پریشان ہے اوراس کا دعویٰ ہے کہ تیسرے آپریشن سے یہ مسئلہ ٹھیک ہوجائے گا لیکن خاتون اب ہرجانے کی رقم کا مطالبہ کررہی ہیں۔ آخر کار 4200 ڈالر لے کر خاتون اپنے گھر کو روانہ ہوئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔