کرکٹ کے آفتاب کا وقت غروب آگیا

پورے کیریئر کے دوران سپورٹ کرنے اور دعائوں میں یاد رکھنے پر پرستاروں و چاہنے والوں کا شکر گزار ہوں، ماسٹر بیٹسمین


Sports Desk October 11, 2013
بھارتی اسٹار سچن ٹنڈولکر کی ورلڈ کپ 2011 کی ٹرافی تھامے ہوئے یادگار تصویر۔ فوٹو: فائل

کرکٹ کے آفتاب کا وقت غروب آگیا، سچن ٹنڈولکر نے 200 ویں ٹیسٹ پرکیریئر کی ناقابل یقین اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کا اعلان کردیا۔

ویسٹ انڈیزسے2میچز کی سیریز کے بعد بھارتی تاج کا کوہ نور ماضی میں گم ہوجائے گا، تقریباً چوتھائی صدی تک کرکٹ پر راج کرنے والے ماسٹر بلاسٹر نے رخصتی کی تیاری کرلی، ان کا کہنا ہے کہ بھارت کے لیے کھیلنا میرا بچپن کا خواب تھا، 24 برس تک اسی کے ساتھ جیتا رہا، اس کے بغیر زندہ رہنے کا تصور کرنا بھی محال ہے، اپنی سرزمین پر آخری مرتبہ کھیلنے کا منتظر ہوں، پورے کیریئر کے دوران سپورٹ کرنے اور دعائوں میں یاد رکھنے پر پرستاروں اور چاہنے والوں کا شکر گزار ہوں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے ریکارڈ شکن بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے آئندہ ماہ اپنا 200 واں ٹیسٹ کھیل کر ہمیشہ کیلیے کرکٹ کو الوداع کہنے کا اعلان کردیا،ان کا کیریئر تقریباً چوتھائی صدی پر محیط رہا، انھیں ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

وہ انٹرنیشنل سنچریوں کی سنچری مکمل کرنے والے واحد بیٹسمین ہیں، سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ پوری زندگی میرا ایک ہی خواب رہا کہ اپنے ملک کیلیے کرکٹ کھیلوں اور میں اسی خواب کے ساتھ گذشتہ 24 برس سے جی رہا ہوں، میرے لیے کرکٹ کے بغیر زندہ رہنے کا تصور کرنا بھی محال ہے کیونکہ میں اس وقت سے اسے کھیل رہا ہوں جب محض11 برس کا تھا، انھوں نے کہا کہ اپنے ملک کی دنیا بھر میں نمائندگی میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے، اب میں اپنی سرزمین پر200 واں ٹیسٹ کھیلنے کا منتظر ہوں کیونکہ اس کے بعد میں کرکٹ کو الوداع کہہ دوں گا۔



ٹنڈولکر نے کہا کہ میں بھارتی کرکٹ بورڈ کا بھی شکرگزار ہوں جس نے مجھے یہ موقع فراہم کیاکہ جب میرا دل چاہے کھیل سے الگ ہوں، میں اپنی فیملی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے استقامت کا مظاہرہ کیا اور میری ذمہ داریوں کو سمجھتے رہے، اور سب سے بڑھ کر میں اپنے پرستاروں اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنھوں نے پورے کیریئر کے دوران مجھے اپنی دعائوں میں یاد رکھا،اسی سے مجھے طاقت ملی اور پرفارم کرنے کے قابل ہوا۔ رائٹ ہینڈ بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے 1989 میں پاکستان کے خلاف کراچی میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا، تب سے اب تک وہ اس فارمیٹ میں 15837 رنز اسکور کرچکے ہیں۔

وہ حالیہ کچھ عرصے میں خراب فارم سے دوچار تھے، ان کی 100 انٹرنیشنل سنچریوں میں سے51 ٹیسٹ سنچریاں ہیں، انھوں نے آخری مرتبہ اس فارمیٹ میں تھری فیگر اننگز جنوبی افریقہ کے خلاف جنوری 2011 میں کھیلی تھی۔ سچن ٹنڈولکر نے گذشتہ برس پاکستان کے خلاف ہوم سیریز سے قبل ون ڈے ریٹائرمنٹ لی تھی، انھوں نے اپنا آخری ٹوئنٹی20 میچ چیمپئنز لیگ میں ممبئی انڈینز کی جانب سے فائنل کی صورت میں کھیلا، وہ اس ٹیم کے ساتھ شروع سے منسلک تھے اور آخری سیزن میں آئی پی ایل اور چیمپئنز لیگ میں فتح کا حصہ رہے۔ سچن ٹنڈولکر نے کئی برس تک بھارتی ٹیم کی قیادت بھی کی مگر ان کے کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ 2011 میں آیا جب ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے میں مدد دی۔ سچن ٹنڈولکر سب سے زیادہ 6 مرتبہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کھیلنے والے دوسرے کرکٹر ہیں، ان سے قبل یہ اعزاز پاکستان کے عظیم بیٹسمین جاوید میانداد کو حاصل تھا۔