آوارہ کتوں کی بہتات و ڈینگی کی ذمہ داری بھی سرفرازپر ڈال دی جائے، فاروق ستار

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 اکتوبر 2019
سرفراز احمد کو دو تین میچز کی کارکردگی کی بنیاد پر ہٹانا غلط ہے، فاروق ستار فوٹو: فائل

سرفراز احمد کو دو تین میچز کی کارکردگی کی بنیاد پر ہٹانا غلط ہے، فاروق ستار فوٹو: فائل

 کراچی: ایم کیو ایم کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی بہتات و ڈینگی کی ذمہ داری بھی سرفراز احمد پر ڈال دینی چاہیے۔

کراچی میں انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ ملک کا سیاسی منظر نامہ عجیب و غریب ہے، حکومت کے خلاف اپوزیشن ایک طرف ہے، اپوزیشن اور حکومت پر اس وقت بھاری ذمہ داری عائد ہے، ملکی معیشت کا بیڑا غرق ہوگیا ہے، میرا سوال یہ ہے کہ اس حکومت کو گرا کر اگلا لائحہ عمل کیا ہوگا؟ مولانا فضل الرحمان کے مارچ کے نتیجے میں موجودہ حکومت اگر گر بھی جائے تو ملکی معیشت کہاں جائے گی؟ صحت، تعلیم اور صفائی کے مسائل کا حل کون کرے گا؟

سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانے کے سوال پر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو دو تین میچز کی کارکردگی کو بنیاد بنا کر ہٹانا غلط ہے، اس اقدام سے تعصبانہ سوچ کی بو آتی ہے، کراچی میں آوارہ کتوں کی بہتات اور ڈینگی کی ذمہ داری بھی سرفراز احمد پر ڈال دینی چاہیے۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے میئر وسیم اختر صرف اختیارات کا رونا روتے ہیں، اگر اختیارات نہیں تو استعفیٰ دے کر عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے، میئر شپ ختم ہونے کے بعد خالد مقبول صدیقی اور عامر خان نہیں بچائیں گے۔ کراچی میں گٹکا ، مین پوری اور ماوے پر پابندی سے متعلق انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گُٹکے پر پابندی لگے یا نا لگے، عوام گُٹکا کھانا بند کردیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔