ایشیا کپ میں ناقص کھیل بنگلہ دیش نے کوچ نوید عالم کو تنبیہ جاری کردی

ذمہ داریاں پوری نہ کرنے، غیر اخلاقی سرگرمیوں اور نظم وضبط کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹسز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے


Sports Desk October 12, 2013
ہاکی فیڈریشن کا 4 سینئر پلیئرز، معاون کوچ اور امپائر کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن نے ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے کوچ نوید عالم، کپتان ممنون الرحمان شایان، نائب کپتان کرشنا کمار، پشکار کھیسا میمو اور معین الاسلام کوشک کو تنبیہ جاری کر دی، 4 سینئر پلیئرز، معاون کوچ اور امپائر کو شو کاز نوٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مولانا بھاشانی اسٹیڈیم پر گذشتہ روز ایک میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر بی ایچ ایف ایئر مارشل محمد انعام الباری نے بتایا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو راسل محمود جمی ، زاہد حسین، عمران حسن پنٹو، قمر الزمان رانا، معاون کوچ محبوب ہارون اور امپائر سلیم لکی کے خلاف الزامات کا علم ہوا،انھیں ذمہ داریاں پوری نہ کرنے، غیر اخلاقی سرگرمیوں اور نظم وضبط کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹسز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،نوٹسز ہفتے کے روز جاری کیے جائیں گے جبکہ ان افراد سے 23 اکتوبر تک جواب مانگا جائیگا۔ میٹنگ میں پاکستانی کوچ نوید عالم، کپتان شایان، نائب کپتان کرشنا، میمو اور کوشک کو تنبیہ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔



باری کا کہنا ہے کہ تین رپورٹس میں بتایا گیاکہ جمی باقاعدہ ٹریننگ کیمپ میں شریک نہیں ہوتے تھے اور وہ باقی ساتھیوں کے ساتھ نہیں ٹھہرے، انھوں نے ڈریس کوڈ پر بھی عمل نہیں کیا، جمی نے ٹیم کی کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے اپنے آپ کو اندرونی سیاست میں ملوث رکھا، ہمیں یہ بھی رپورٹس ملیں کہ ان کاکپتان اور نائب سے جھگڑا بھی ہوا۔ ٹیم کے اتحاد کو توڑنے کا الزام نائب کوچ محبوب پر لگاتے ہوئے صدر بی ایچ ایف نے کہاکہ رپورٹس کے مطابق وہ غیرقانونی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ہیڈ کوچ کے ساتھ تعاون نہیں کیا، محبوب قومی ٹیم کے ساتھ 18 ماہ سے ہیں ، ہم نے ان کا تقرر پلیئرزکے بارے میں معلومات رکھنے کیلیے کیا تھا، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ایک مناسب وضاحت کے ساتھ پیش ہوں۔ دریں اثنا بی ایچ ایف نے قومی ٹیم کے پلیئرز سے ایک کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کرانے کا فیصلہ کیا ہے، مستقبل میں مضبوط اسکواڈ تشکیل دینے کیلیے فیڈریشن ایک انڈر 18 اور21 ٹیم بنانے کے بارے میں بھی سوچ رہی ہے۔