شنگھائی ماسٹرز سیمی فائنل میں نڈال کا ڈیل پوٹرو سے ٹکراؤ

نووک جوکووک کا مقابلہ سونگا سے ہو گا، کوارٹر فائنلز میں واورنیکا، نکولس الماگرو، مونفلز اور فلورین میئر کو شکست


AFP/Sports Desk October 12, 2013
جاپان ویمنز ٹینس میں سمانتھا اسٹوسر نے میساکی ڈوئی کا بوریا بستر گول کردیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: شنگھائی ماسٹرزکے سیمی فائنل میں رافیل نڈال کاٹکرائو جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو جبکہ نووک جوکووک کا مقابلہ فرنچ پلیئر جوئے ولفریڈ سونگا سے ہوگا۔

کوارٹرفائنلزمیں سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا ، نکولس الماگرو، گیل مونفلز اور جرمنی کے فلورین میئر کو شکست ہوگئی، جاپان ویمنز ٹینس میں سمانتھا اسٹوسر نے میزبان پلیئر میساکی ڈوئی کا بوریا بستر گول کردیا، دوسری جاپانی پلیئر کرومی نارا نے سلواکیہ کی پولونا ہرکوگ کو مات دے کر ہوم کرائوڈ کی امیدوں کا دیا روشن رکھا ۔ تفصیلات کے مطابق شنگھائی ماسٹرز میں موجودہ ورلڈ نمبرون رافیل نڈال اور سابق ٹاپ پلیئر نووک جوکووک کے سامنے کا امکان روشن ہوگیا، دونوں نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، کوارٹر فائنلز میں رافیل نڈال نے سوئس حریف اسٹینسلس واورنیکا کو 7-6(12/10) اور6-1 سے مات دی ، پہلے سیٹ میں سوئس پلیئر نے ڈٹ کر مقابلہ کیا جبکہ دوسرا یکطرفہ ثابت ہوا، نڈال رواں سیزن میں 10 ٹائٹلز جیت چکے اور اس میں فرنچ اور یوایس اوپن بھی شامل ہیں۔



انھوں نے واورنیکا کیخلاف اپنے ریکارڈ کو11-0 سے مزید بہتر بنالیا، ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن سربیا کے نووک جوکووک نے فرنچ پلیئر گیل مونفلز پر 6-7 (4/7)، 6-2 اور6-4 سے غلبہ حاصل کیا،6 سیڈ ارجنٹائن کے ڈیل پوٹرو نے اسپینش حریف نکولس الماگرو کیخلاف 6-3،6-3 سے کامیابی حاصل کی، ڈیل پوٹرو ورلڈ ٹور فائنلز میں جگہ بنانے سے محض ایک میچ فتح کی دوری پر ہیں،7 سیڈ فرانس کے جوئے ولفریڈ سونگاگھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے سوفیصد فٹ نہیں تھے، اس کے باوجود انھوں نے عالمی درجہ بندی میں50 ویں پوزیشن کے جرمن پلیئر فلورین میئر کو 64 منٹ میں 6-2 اور6-3 سے ٹھکانے لگا دیا، ورلڈ ٹور فائنلز کیلیے اختتامی پانچ پوزیشنز کا تعین ابھی تک نہیں ہوا تاہم نڈال، جوکووک اور ڈیوڈ فیرر لندن جانے کا ٹکٹ یقینی بنا چکے ہیں۔

دوسری جانب اوساکا میں جاری جاپان ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز میں چینی پلیئر ژی ژینگ نے امریکی حریف میڈیسن کیز کو 6-3 اور 6-1 سے ہرا دیا، تھرڈ سیڈ آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے جاپانی امیدوں کی محور میساکی ڈوئی کو قابو کرلیا، ان کی جیت کااسکور 6-1،3-6 اور6-3 رہا، کینیڈا کی ایوگینے بوچارڈ نے جمہوریہ چیک کی باربورا زالووا اسٹرائیکووا کیخلاف 4-6،6-4 اور6-1 سے فتح پائی، جاپانی پلیئر کرومی نارا نے سلواکیہ کی پولونا ہرکوگ کو سخت جدوجہد کے بعد7-6(7/4)،2-6 اور6-1 سے مات دے دی، دریں اثنا آسٹریا کے شہر لنز میں جاری ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کی کرسٹن فلپکنز کو اسپینش حریف کارلا سواریز نیوارو نے 6-1 اور6-3 سے شکست دے دی۔