ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام عالمی اردو کانفرنس آج سے شروع ہوگی

پہلا سیشن ’اردو رسم الخط کے مسائل‘ دوسرا ’دیگر پاکستانی زبانوں سے اردو کی ہم آہنگی‘ پر ہوگا


Numainda Express October 12, 2013
دوسرا سیشن دوپہر12بجے ’’پاکستانی معاشرے کا خلفشار اور ادیب کا کردار‘‘ کے موضوع پر ہوگا۔فوٹو: فائل

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام ''اردو کے حل طلب مسائل اور نئی نسل'' کے موضوع پر 2 روزہ عالمی اردو کانفرنس آج (ہفتے ) سے مقامی ہوٹل میں شروع ہورہی ہے۔

اس کانفرنس میں دنیا بھر سے اہل قلم، دانشور اور محققین شرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس کے پہلے روز کے سیشن کا آغاز صبح ساڑھے 9 بجے مقامی ہوٹل میں ہوگا۔ روزانہ3 سیشن ہوں گے۔ پہلا سیشن ''اردو رسم الخط کے مسائل'' کے موضوع پر ہوگا جس کی صدارت ڈاکٹر ڈیوڈ میتھیو ز کریں گے۔ تعارفی کلمات ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضاصدیقی ادا کریں گے۔ مقررین میں ڈاکٹر طاش مرزا، ڈاکٹر عطش درانی، ڈاکٹر خلیل توقار، ڈاکٹر محمودالاسلام شامل ہیں۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عالیہ شاہ اور ڈاکٹر محمد کامران ادا کریں گے۔ دوسرا سیشن دوپہر 12 بجے شروع ہوگا جس کا موضوع ''دیگر پاکستانی زبانوں سے اردو کی ہم آہنگی'' ہے۔

اس سیشن کی صدار ت عبداﷲ حسین کریں گے۔ مقررین میں ڈاکٹر خواجہ محمد ذکریا، ڈاکٹر انوار احمد، ڈاکٹرمعین نظامی، ڈاکٹر نجیب جمال اور ڈاکٹر نجیبہ عارف شامل ہیں۔ تیسرے سیشن کا آغاز3 بجے سہ پہر ہوگا۔ اس کا موضوع عام فہم زبان (میڈیا اور اردو) ہے۔ اس سیشن کی صدارت ڈاکٹر شمیم حنفی کریں گے۔ مقررین میں پروفیسر سحر انصاری، ڈاکٹر شاہ محمد مری، ڈاکٹر تھانگ منگ شنگ اور اشفاق حسین شامل ہیں۔ رات9 بجے محفل موسیقی ہوگی جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ستارنواز، استاد رئیس خان پرفارم کریں گے۔ دوسرے روز کے پہلے سیشن کا آغاز اتوار کو صبح ساڑھے9بجے ہوگا۔ پہلاسیشن ''اردو پر دیگر زبانوں کے اثرات ''کے موضوع پر ہوگا۔ صدارت ڈاکٹر لڈمیلا واسیلیوا کریں گی۔ مقررین میں ڈاکٹر فخرالحق نوری، ڈاکٹر نعمان الحق، ڈاکٹر آٓصف فرخی، ڈاکٹر شاداب احسانی اور عطیہ سید شامل ہیں۔

دوسرا سیشن دوپہر12بجے ''پاکستانی معاشرے کا خلفشار اور ادیب کا کردار'' کے موضوع پر ہوگا۔ صدارت ڈاکٹر سلیم اختر کریں گے۔ مقررین میں اسد محمد خان، مسعود مفتی، مستنصر حسین تارڑ، مسعود اشعر، زاہد ہ حنا اور سلیم راز شامل ہیں۔ تیسرے سیشن کا موضوع ''بھارت میں اردو'' ہے اور یہ سہ پہر 3 بجے شروع ہوگاجس کی صدارت انتظار حسین کریں گے۔ مقررین میں شمیم حنفی، زبیر رضوی، اصغر ندیم سید، ڈاکٹر ناصر عباس نیر شامل ہیں۔ کانفرنس کے اختتامی کلمات احفاظ الرحمن ادا کریں گے۔ اسی روز رات 8 بجے مشاعرہ ہوگا جس کی صدارت بزرگ شاعر ظفر اقبال کریں گے۔



شعرا میں انور مسعود، زہرہ نگاہ، زبیر رضوی، افتخار عارف، کشور ناہید، سحر انصاری ، خورشید رضوی، پیرزادہ قاسم، انورشعور، فہمیدہ ریاض ، امجد اسلام امجد، چانگ شی شوان ، اسد محمد خان، سرمد صہبائی، عطاء الحق قاسمی، شاہدہ حسن، خوشبیر سنگھ شاد، نجیب احمد، ایوب خاور، اشفاق حسین، عباس تابش، یاسمین حمید، لیاقت علی عاصم، صابر ظفر، سورج نارائن، محسن چنگیزی، جاوید صبا اور سعود عثمانی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کانفرنس میں شرکت کیلیے آنے والے نامور ادیبوں اور شعراء نے اس کانفرنس کو اردو زبان کی ترقی و فروغ کے سلسلے میں انتہائی اہمیت کی حامل قراردیا ہے اور کہا ہے کہ کانفرنس اردو ادب کے فروغ میں اہم کردارا دا کرے گی۔

بھارت سے آئے ادیبوں شمیم حنفی، زبیر رضوی، خوشبیر سنگھ شاد، ڈاکٹر لڈ میلا واسیلیوا کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس کے ذریعے اردو زبان کو درپیش مسائل پر غور و خوص اور ان کے حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ مزید برآں بھارت سے آئے مہمان ادیبوں شمیم حنفی اور زبیر رضوی نے مجلس ترقی ادب کا دورہ کیا۔ جہاں ڈائریکٹر ڈاکٹر تحسین فراقی نے ان کے اعزاز میں شہر کے ادیبوِں اور شاعروں کے ساتھ ایک ملاقات اور مختصر ادبی نشست کا اہتمام کیاتھا جس میں اردو ادب، معاصر سیاسی اور تہذیبی صورتحال، لاہور اور اس کی تہذیبی زندگی و دیگر موضوعات پر تبادلہ خیالات کیاگیا۔