سوار کو دیکھتے ہی مرنے کی اداکاری کرنے والا ڈرامے باز گھوڑا

جنگاگ کو ’سب سے بڑا ڈرامے باز‘ گھوڑا کہا گیا ہے جسے دیکھنے کے لیے اب سیاح بھی آرہے ہیں


ویب ڈیسک October 25, 2019
جنوبی کوریا کے ایک فارم میں موجود یہ گھوڑا اس وقت مرنے کا روپ دھارتا ہے جب کوئی اس پر بیٹھنے کی کوشش کرتا ہے۔ فوٹو: اوڈٹی سینٹرل

جانور بھی بہانے باز ہوچکے ہیں اور اب جنوبی کوریا کے ایک گھوڑے کو ہی دیکھیے کہ جب بھی کوئی اس پر بیٹھنے کی کوشش کرتا ہے، یہ گھوڑا خود کو زمین پر گرا کر مرنے کی اداکاری کرتا ہے۔

اس کی ویڈیو دنیا بھر میں مشہور ہورہی ہے اور اس کی سست روی و چالاکی پر تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔ جیسے ہی کوئی سوار اس پر بیٹھنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ خود کو زمین پر گرادیتا ہے جبکہ سوار کے دور جانے پر یا کسی کھانے کی چیز پر یہ آنکھیں کھول دیتا ہے۔

https://www.youtube.com/watch?time_continue=93&v=iJR7xXBt0Jg

اس گھوڑے کا نام جنگ گانگ ہے جسے دنیا کا سب سے چالاک اور ڈرامے باز گھوڑا کہا جاتا ہے لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا اسے سیاحوں کو خوش کرنے کے لیے زمین پر مردہ گرنے کی تربیت دی گئی ہے یا پھر ازخود اس نے یہ صلاحیت پیدا کی ہے۔

گھوڑے کے مالک نے اس کی دلچسپ ویڈیو پوسٹ کی ہیں جو تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔ سب سے پہلے گھوڑے کے مرنے کی اداکاری کی ویڈیو 2015ء میں منظرِ عام پر آئی تھی۔ یہ گھوڑا کبھی کبھار نیچے گرنے کے بعد اپنی آنکھیں بھی بند کرلیتا ہے اور نتھنے پھلاتا رہتا ہے۔ اگر اسے مزیدار گاجر کھلائی جائے تب بھی یہ نہیں جاگتا۔



جنگ گانگ گھوڑے کو پوری دنیا میں غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوچکی ہے ۔ فیس بک پر جاری اس کی ایک ویڈیو اب تک 2 کروڑ 30 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔ اس ہڈ حرام گھوڑے کی ویڈیوز پر لوگوں نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔

ایک شخص نے لکھا میرا اس وقت یہی رویہ ہوتا ہے جب میری والدہ مجھے برتن دھونے کے لیے آواز دیتی ہیں۔ ایک اور شخص نے کہا کہ یہ گھوڑا کاہل نہیں بلکہ بہت ہی ہوشیارہے جو بوجھ اٹھانے سے کتراتا ہے۔