آلائشوں کے جراثیم سے سانس اورگلے کے امراض پھیلنے کا خدشہ

الرجی کے امراض میں اضافہ ہوگا ، سٹرکوں پر فوری طور پرچونا ڈالاجائے،ماہرین طب


Staff Reporter October 19, 2013
خوشبودار اسپرے مہم شروع کی جائے،شہرمیں تعفن پھیلا ہوا ہے، پروفیسر عمرفاروق فوٹو : فائل

شہر میںجانوروں کی آلائشوں سے نکلنے والاجراثیم ہوا میں شامل ہوکر ناک ،گلے،پھیپھڑوں اورنظام تنفس کوشدید متاثرکررہے ہیں ۔

گندگی وغلاظت اور جانوروں کی آلائشوں کی تیز بوگلے میں انفیکشن کے مسائل بھی پیدا کررہی ہے ، شہرکے مضافاتی بستیوں میں شدید تعفن کی وجہ سے مختلف اقسام کی الرجی کے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں، یہ بات ماہرین طب نے شہر میں عید قرباں کے بعد پیدا ہونے والے طبی مسائل کے حوالے سے بتایا کہ کراچی میں عید قرباں کے موقع پر سائنسی بنیادوں پر صفائی کے انتظامات نہ ہونے سے صحت کے مسائل میںتیزی سے اضافہ ہوگا۔



ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسسزکے پرووائس چانسلرپروفیسر عمرفاروق نے بتایا کہ جگہ جگہ گندگی وغلاظت ، جانوروں کی آلائشوں کے جراثیم ہوا میں شامل ہوکرسانس کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہورہے ہیں جس سے ناک،گلے ،پھپھٹروں اورسانس کے امراض جنم لے رہے ہیں ،اس صورتحال میں سب سے زیادہ دمے کے مریضوں کو سانس لینے میں شدید دشواریوں کا سامناکرنا پڑتا ہے، شہر میں صفائی وستھرائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے تعفن پھیلا ہوا ہے۔

سٹرکوں پر قربانی کرنے سے بہت تیزی سے مختلف جراثیم کی نشوونما ہورہی ہے ، متعلقہ حکام سٹرکوں پرجم جانے والے خون کی صفائی و ستھرائی اورشہر میں گندگی وغلاظت کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر کریں بصورت دیگرشہر میں گلے کے انفیکشن، الرجی، سانس ، ناک کے مسائل ہولناک صورت اختیار کرجائیں گے، سب سے زیادہ ہی بچے اورحاملہ خواتین متاثرہورہی ہیں ، سٹرکوں پر چوناڈالاجائے جبکہ خوشبودار اسپرے مہم بھی فورا شروع کی جائے تاکہ شہری صاف ہوا میں سانس لے سکیں ۔