آئی سی سی بورڈ کا 2 روزہ اجلاس لندن میں شروع

پی سی بی فاسٹ بولر محمد عامر کی سزا میں نرمی کا معاملہ اٹھائے گا، ذرائع


Sports Desk October 19, 2013
شرکا ستمبر میں منعقدہ چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کی سفارشات پر بھی غورکریں گے۔ فوٹو: فائل

WASHINGTON: آئی سی سی بورڈ کا دو روزہ اجلاس جمعے کو لندن میں شروع ہوگیا، غالب امکان ہے کہ پی سی بی اس اجلاس میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پانچ برس پابندی کی سزا پانے والے فاسٹ بولر محمد عامر کی سزا میں نرمی کا معاملہ اٹھائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے گزشتہ اجلاس میں بھی محمد عامر کا معاملہ اٹھایا تھا،باوثوق ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اس کوشش میں ہے کہ پانچ سالہ پابندی ختم ہونے سے قبل اس باصلاحیت اور نوجوان بولر کو پاکستان کے اندر کھیلی جانے والی کرکٹ اور تربیت کی اجازت مل جائے تاکہ جب ان پر پابندی ختم ہو تو وہ فوری طور پر عالمی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرنے کے قابل ہوں، پاکستان انھیں ورلڈ کپ 2015 میں سامنے لانا چاہتا ہے، ہفتے کو اختتام پذیر ہوجانے والے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی ایڈہاک کمیٹی کے ممبر نجم سیٹھی کررہے ہیں، یہ بورڈ ممبران کا سال کا چوتھا اور آخری اجلاس ہے۔



اجلاس کے ایجنڈے میں ستمبر میں ہونے والی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ کے نتائج پر غور وخوض کرنا بھی ہے، جس میں فیوچر ٹور پروگرام ، ڈی آر ایس، کم روشنی اور ون ڈے کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیوں کی سفارشات بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ دنیا بھر کے کرکٹ بورڈز چیفس کو اینٹی کرپشن معاملے پر ہونیو الی پیشرفت سے بھی آگاہی دی جائے گی، اجلاس میں آئندہ برس بنگلہ دیش میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20 کے وینیوز کی جائزہ رپورٹس پر بھی تبادلہ خیال ہوگا اور ممکنہ طور پر سلہٹ کی میزبانی کی توثیق بھی کردی جائے گی، اجلاس کے شرکا کونسل کی قائم کردہ مختلف کمیٹیوں کی سفارشات پر بھی غور کریں گے، جس میں گورننس ریویو، فائنانس اور کمرشل افیئرز کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات نمایاں ہیں، اجلاس میں کونسل کے 10 فل ممبران کے صدر اور چیئرمین کے علاوہ تین ایسوسی ایٹ ممبران کے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔