جنوبی افریقہ کیخلاف سنچری محض آغاز ہے خرم منظور

یونس آئیڈیل ہیں، مزید بڑی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتوحات دلوانا چاہتا ہوں، اوپنر


Sports Desk October 19, 2013
کیریئر کو بڑھانے کیلیے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔اوپنر۔فوٹو:فائل

پاکستان کے باصلاحیت اوپنر خرم منظور نے امید ظاہر کی ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کیریئر کی پہلی سنچری تابناک مستقبل کا آغاز ثابت ہوگی۔

انھوں نے یونس خان کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی بڑی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 27 سالہ بیٹسمین نے پاکستان کی پہلی اننگز میں 146 رنز اسکور کیے۔ انھوں نے شان مسعود (75)کے ساتھ مل کر 135 رنز کی ٹھوس بنیاد فراہم کی جس کے بعد میزبان ٹیم کیلیے فتح کا راستہ بنانا آسان ہوگیا۔ 3سال کے وقفے کے بعد دورئہ زمبابوے کیلیے قومی اسکواڈ میں واپس آنے والے خرم منظور کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف تھری فیگر اننگز محض ابتدا ہے، ڈبل سنچری بنانا چاہتا تھا لیکن ایک غلطی کی وجہ سے آؤٹ ہو گیا، اپنے کیریئر کو بڑھانے کیلیے بڑے اسکور کے ذریعے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔



یاد رہے کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین اوپنرز میں سے ایک سمجھے جانے والے خرم منظور نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف اپنا ڈیبیو کیا تھا، انھوں نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 59 ناٹ آؤٹ بنائے لیکن مہمان ٹیم کی بس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیریز منسوخ کر دی گئی۔انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف ہوبارٹ ٹیسٹ میں مشکل وقت میں 77 رنز اسکور کیے لیکن بعد میں سلیکٹرز نے انہیں تکنیکی کمزوریوں کی وجہ سے نظر انداز کردیا تھا، تاہم وہ ایک بار پھر ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

خرم منظور کا کہنا ہے کہ میں دل برداشتہ نہیں ہوا کیونکہ میرے استاد اور سابق وکٹ کیپر راشد لطیف ہمیشہ سخت محنت کرنے اور پھر اپنے معاملات اللہ پر چھوڑنے کا مشورہ دیتے تھے، جانتا تھا کہ ایک دن مجھے بھی موقع ضرور ملے گا۔گزشتہ مہینے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں دو نصف سنچریاں اسکور کرنے والے اوپنر کا کہنا ہے کہ ایک مشکل مرحلہ تھا لیکن میں نے سخت محنت جاری رکھی جس کا صلہ بھی مل گیا، انھوں نے بتایا کہ سینئر بیٹسمین یونس خان آئیڈیل ہیں، وہ ہمیشہ نئے کھلاڑیوں کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں، ہمیشہ ان سے سیکھا، ان کے نقش قدم پر چلنا چاہتا ہوں ۔