کرکٹ پر راج کرنے والے ٹنڈولکر کو حنیف کا سیلوٹ

کیریئر کے آغاز پر ہی ان میں عظیم پلیئر کی جھلک دیکھ لی تھی،سابق پاکستانی اسٹار


Sports Desk October 20, 2013
سچن ٹنڈولکر میرے ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں شامل ہیں،حنیف محمد۔ فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان کے سابق عظیم کپتان حنیف نے کرکٹ پر چوتھائی صدی تک راج کرنے والے ٹنڈولکرکو سیلوٹ پیش کیا ہے۔

انھوں نے کہاکہ بھارتی لٹل ماسٹر کا کوئی متبادل نہیں، انھیں مزید2 برس تک کرکٹ کھیلنی چاہیے تھی،کیریئر کے آغاز پر ہی ان میں عظیم پلیئر کی جھلک دیکھ لی تھی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک بھارتی اخبار سے بات چیت میں کیا۔ حنیف محمد نے کہا کہ جب میں نے سچن ٹنڈولکر کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سنا میرے ذہن میں پہلا خیال یہی آیا کہ وہ مزید2برس تک کرکٹ کھیل سکتے تھے، ایسی ہی سوچ میری راہول ڈریوڈ کے بارے میں بھی تھی۔کسی بھی کرکٹر کی ریٹائرمنٹ کے موزوں وقت سے متعلق سوال پر حنیف محمد نے کہا کہ اس بارے میں ہر پلیئر خود ہی اچھی طرح جانتا ہے، میرے خیال میں سچن 2 برس مزیدکرکٹ کھیل سکتا تھا مگر ان کی سوچ مختلف ہے، ہوسکتا ہے کہ یہ فیصلہ فٹنس کی وجہ سے سامنے آیا ہو، عام طور پر کرکٹرز دبائو یا پھر فٹنس مسائل کی وجہ سے ریٹائر ہوتے ہیں، آپ کا ذہن اور جسم بتا دیتا ہے کہ وہ مزید کھیلے گا یا نہیں۔



انھوں نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر میرے ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں شامل ہیں، ان کا میرے نزدیک وہی مقام ہے جو ہیرو گیری سوبرز کا ہے، سچن نے2دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ہمیں اپنے کھیل سے لطف اندوز کیا، میں انھیں سیلوٹ پیش کرتا ہوں، میں نے سچن ٹنڈولکر کو ان کی 1989-90 کے دورئہ پاکستان کے دوران ڈیبیو سیریز میں پہلی بار دیکھا، اس کے اسٹروکس کافی جاندار اور قد بھی میرے جتنا ہی تھا، اس نے 16 جبکہ میں نے 17 سال کی عمر میں ڈیبیو کیا، اس حوالے سے بھی مماثلت پائی جاتی ہے، حنیف محمد نے کہا کہ جس طرح ابتدائی میچز میں اس نے عمران خان اور وقار یونس کا سامنا کیا مجھے اسی وقت اس میں عظیم کرکٹر کی جھلک نظر آگئی تھی، سچن ٹنڈولکر نے ایک نسل کو متاثر کیا، بھارتی کرکٹ پر انمٹ نقوش چھوڑ کر وہ رخصت ہورہے ہیں، میں ان کے کیریئر کے اختتامی دونوں ٹیسٹ ٹی وی پرضرورد یکھوں گا مجھے یقین ہے کہ ماسٹر بیٹسمین الوداعی معرکوں کو ضرور یادگار بنائیں گے۔