سنی تحریک کا دہشتگردی کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان

ٹارگٹ کلنگ ختم نہ ہوئی تو پھر کارکنوں کو مکمل آزادی دیدی جائیگی،شکیل قادری،پریس کانفرنس۔


Staff Reporter September 02, 2012
سنی تحریک کے رہنما شکیل قادری مرکز اہلسنّت میںپریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں ۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان سنی تحریک نے ایک ماہ میں صرف کراچی میں10کارکنان و رہنماؤں کی شہادت کو حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے7مرحلوں پر مبنی احتجاجی تحریک4ستمبر سے شروع کرنے کا اعلان کردیا جو28 اکتوبر کو آل پارٹیز کانفرنس پر ختم ہوگی تاہم اس پر بھی اگر ٹارگٹ کلنگ ختم نہ ہوئی تو پھر کارکنوں کو مکمل آزادی دے دی جائے گی، کیوں کہ ہم حکومت کے ناکام ہونے پر''را'' یا ''موساد'' سے مدد طلب کرنے سے تو رہے، ہزاروں گھر اجڑ گئے مگرحکومت چین کی بانسری بجا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری نے مرکز اہلسنت پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ترجمان پی ایس ٹی و رکن رابطہ کمیٹی فہیم الدین شیخ، محمد آفتاب قادری بھی موجود تھے، محمد شکیل قادری نے کا کہنا تھا کہ نام نہاد اسلام کے ٹھیکیدار جو خیبر پختونخوا میں ناکامی اور وہاں آپریشن کے بعد بلوچستان کا رخ کرچکے ہیں ان دہشت گردوں نے بلوچستان میں علما اہلسنّت کا نشانہ وار قتل شروع کردیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، افسوس کہ بلوچستان حکومت بھی ان دہشت گردوں کیخلاف کارروائی نہیں کررہی۔