آلودگی نہ صرف زندگیوں بلکہ معیشت کی بھی دشمن ہےجاوید جبار

نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اور ایف پی سی سی آئی کے تحت منعقد ہ پروگرام سے خطاب


Staff Reporter September 02, 2012
نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اور ایف پی سی سی آئی کے تحت منعقد ہ پروگرام سے خطاب. فوٹو: رضوان احمد

انٹرنیشنل یونین آرگنائزیشن آف نیچر (آئی یو سی این) کے گلوبل نائب صدر جاوید جبار نے کہا ہے کہ سنگین ماحولیاتی خطرات کو کم کرنے کے لیے حکومت اور شہریوں کو ایک مضبوط شراکت کرنی ہوگی کیونکہ آلودگی نہ صرف زندگیوں بلکہ معیشت کی بھی دشمن ہے، وہ نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے تحت ''پاکستان میں ماحولیاتی مسائل'' کے موضوع پر خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر فضل قادر شیرانی، ماحولیاتی کمیٹی کے چیئرمین گلزار فیروز ، فورم کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر وحید، صدر محمد نعیم قریشی اور سوشل سیکٹر کے مشیر صدیق شیخ بھی موجود تھے، جاوید جبار نے کہا کہ ماحولیات کا مسئلہ کسی ایک فرد کا مسئلہ نہیں بلکہ اسے اجتماعی طور پر حل کرنا ہوگا، انھوں نے کہاکہ صوبائی اور وفاقی حکومت سمیت ماحولیاتی اداروں، عوام اور این جی اوز کے مابین رابطے کا فقدان ہے۔

صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو صرف پیداوار اور خدمات پر ہی نہیں بلکہ مستقبل کے ماحولیاتی مسائل اور پائیدار ترقی کو بھی اہمیت دینی ہوگی، فیڈریشن کے صدر فضل قادر شیرانی نے کہا ملک میں آلودگی کا خاتمہ بے حد ضروری ہے، فیڈریشن کے تمام علاقائی دفاتر میں ماحولیات کی رہنمائی اور ترقی کے لیے خصوصی ڈیسک بنانے کی تجویز زیر غور ہے، اس موقع پر جاوید جبار کو ماحولیات پر اعلیٰ خدمات و کارکردگی کے اعتراف میں شیلڈ و تحائف پیش کیے گئے۔