الوداعی ٹیسٹ ٹکٹوں پر ٹنڈولکر کی تصاویر چھاپی جائیں گی

ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے کانڈیویلی گراؤنڈ کا نام ٹنڈولکر جیمخانہ رکھ دیا


Sports Desk October 23, 2013
سنیل گاوسکر اسٹینڈ کے زیریں حصے میں شائقین کو پانچ روزہ میچ کا ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوگا۔فوٹو: فائل

ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے ریکارڈ ساز بیٹسمین کو خراج تحسین پیش کرنے کیلیے کانڈیویلی گرائونڈ کا نام تبدیل کرکے سچن ٹنڈولکر جیمخانہ کلب رکھ دیا۔

الوداعی 200ویں ٹیسٹ کے ٹکٹوں پر بھی لٹل ماسٹرکی تصاویر چھاپی جائیں گی،ان فیصلوں کا اعلان ایم سی اے کے نومنتخب صدر شردپوار نے منگل کو کیا، کلب کی افتتاحی تقریب11 نومبر کو منعقد کی جائے گی، ایم سی اے نے پوار کی سربراہی میں مختصرکمیٹی قائم کی جو ویسٹ انڈیز کیخلاف آئندہ ماہ کیریئر کے الوداعی 200ویں ٹیسٹ کو ٹنڈولکر کے شایان شان بنانے کیلیے غور کررہی ہے۔



میچ کے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی پہلے ہی سے طے کردی گئی ہیں، سنیل گاوسکر اسٹینڈ کے زیریں حصے میں شائقین کو پانچ روزہ میچ کا ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ اوپری حصے کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے ہوگی،کلب کے ممبران بھی نارتھ اسٹینڈ کے ٹکٹ ایک ہزار روپے میں خرید پائیں گے جبکہ عوام کیلیے یہ شرح فروخت ڈھائی ہزار روپے ہوگی۔