بابراعظم نے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں خطرناک عزائم ظاہر کردیئے

ویب ڈیسک / میاں اصغر سلیمی  جمعـء 15 نومبر 2019
کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مثبت انداز میں کرکٹ کھیلوں گا، بابراعظم

کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مثبت انداز میں کرکٹ کھیلوں گا، بابراعظم

سڈنی: قومی کرکٹر بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے خطرناک عزائم ظاہر کر دیئے۔

ایک انٹرویو میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھرپور فارم میں ہوں، اسی فارم کو آگے بھی جاری رکھنا چاہتا ہوں، کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پلان کے مطابق مثبت انداز میں کرکٹ کھیلوں گا، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہت اچھا مقابلہ ہوگا، ہماری بیٹنگ کے ساتھ بولنگ بھی اچھا پرفارم کر رہی ہے، ہمارے نوجوان کھلاڑی بھی بھرپور فارم میں ہیں اور انہوں نے پچھلے میچ میں بڑی شاندار بولنگ کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ تین روزہ میچوں کے بعد دو روزہ میچ بھی ملا ہے جس کی وجہ سے اچھی خاصی فارم ہے،کوشش یہی ہے کہ جتنی لمبی اننگز کھیلیں، اتنا ہی اچھا ہے، یہاں پر تھوڑی سی مختلف قسم کی وکٹ ہیں، یہاں کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے بھر پور پریکٹس کر رہے ہیں۔

ایک سوال پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پریکٹس میچ کی طرح ٹیسٹ میچ میں بھی عمدہ پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، آسٹریلوی پچوں پر تھوڑا سا باﺅنس زیادہ ہوتا ہے اور گیند بھی تیز نکلتی ہے،آپ کو جتنا کھیلنے کا موقع زیادہ ملتا ہے، اتنا ہی آپ ان وکٹوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو جاتے ہو، میرا یہی مقصد ہوتا ہے کہ میں ہر میچ میں عمدہ پرفارم کروں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی اپنے ملک کی کنڈیشنز میں بہت اچھا کھیلتے ہیں، بخوبی جانتے ہیں کہ کیسی بولنگ کرنی ہے ، میں پلان کے مطابق مثبت انداز میں کرکٹ کھیلوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔