بارش نے بھارتی بیٹسمینوں کو برسنے کا موقع نہ دیا

چوتھا ون ڈے بے نتیجہ، آسٹریلیا نے 295 رنز بنائے، بیلی اور میکسویل نروس نائنٹیز کا شکار۔


Sports Desk October 24, 2013
رانچی: چوتھے ون ڈے میں آسٹریلوی بیٹسمین گلین میکسویل کا اونچا شاٹ، عقب میں دھونی موجود۔ فوٹو: بی سی سی آئی

رانچی میں بارش نے بھارتی بیٹسمینوں کو برسنے کا موقع نہ دیا، آسٹریلیا سے سیریز کا چوتھا ون ڈے بے نتیجہ ختم کرنا پڑا، کینگروز کو سیریز میں بدستور 2-1 کی سبقت حاصل ہے،بیلی اور ووگز نروس نائنٹیزکا شکار ہوئے۔

کھیل روکے جانے تک میزبان نے4.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 27رنز بنائے تھے، شیکھردھون14 اور روہت شرما9 پر ناٹ آئوٹ رہے، خراب موسم سے آسٹریلوی اننگز میں بھی رخنہ آیا لیکن ابرکرم تھمنے پر اسے مکمل کرلیا گیا۔



دوسری مرتبہ ہونے والی بارش نے میچ کو فیصلہ کن بنانے کی مہلت ہی نہیں دی، مہمان سائیڈ نے50 اوورز میں8 وکٹ پر295 رنز جوڑے،32 پر3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان جارج بیلی نے ایڈم ووگز کے ہمراہ مجموعے کو71 تک پہنچایا، اس میں ووگز کا حصہ محض7رنز رہا، اس کے بعد جارج بیلی نے گلین میکسویل کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے153رنز کی شراکت بنا دی، جارج بیلی98 اور گلین میکسویل 92 کے میدان بدر ہونے کے بعد آسٹریلیا کے دیگرپلیئرز اختتامی 10 اوورز میں57 رنز ہی بٹورسکے، مچل جونسن نے25 اور جیمز فالکنر نے23رنز بنائے،شامی احمد نے3 جبکہ ونے کمار اور اسپنر روی چندرن ایشون نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔