قائداعظم ٹرافی کرکٹ بیٹسمینوں کا راج ابتدائی روز 6 سنچریاں بن گئیں

لاہورشالیمار کیخلاف کراچی وائٹس کے 4 وکٹ پر 315رنز،فضل سبحان اور آصف ذاکر نے تھری فیگر اننگز سجائیں.


Sports Desk October 24, 2013
لاہورشالیمار کیخلاف کراچی وائٹس کے 4 وکٹ پر 315رنز،فضل سبحان اور آصف ذاکر نے تھری فیگر اننگز سجائیں. فوٹو: اے ایف پی / فائل

فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے ابتدائی دن بیٹسمینوں کا راج قائم ہوا اور 6 سنچریاں بن گئیں۔

ایل سی سی اے اسٹیڈیم میں میزبان لاہورشالیمار کیخلاف کراچی وائٹس کے فضل سبحان اور آصف ذاکر نے سنچریاں جڑدیں، ٹیم نے 81 اوورز میں 4 وکٹ پر 315رنز بنالیے، فضل سبحان نے 155 رنزکیلیے 248 گیندوں کا سامنا کیا، آصف ذاکر114رنز بنانے میں کامیاب رہے، وقاراحمد نے 69رنز کے عوض2 وکٹوں کا سودا کیا۔ دفاعی چیمپئن کراچی بلوز کیخلاف نیشنل اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد نے 8وکٹ پر259رنز بنا لیے، محمد نعیم 75رنز کے ساتھ نمایاں رہے، خلیل اللہ خان نے 53رنز اسکور کیے، ریحان آفریدی 58اور عمیرخان 22رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، زوہیب شیرا اور فراز احمد نے 2،2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، لاہور راوی کے مقابل سیالکوٹ نے پہلی اننگز میں 6 وکٹیں گنواکر299رنز اسکور کیے، منصور امجد59، فیصل خان57 اور نوید سرور50رنز بنانے میں کامیاب رہے، علیم یوسف اور علی منظور نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

بہاولپور سے میچ کے ابتدائی دن راولپنڈی نے 5 وکٹ پر 358رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، شعیب ناصر نے 160 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20چوکوں کی مدد سے 112 کی اننگز کھیلی، نوید ملک172 گیندوں پر 127رنز اپنے نام درج کرانے میں کامیاب رہے،ان کی اننگز میں 15چوکے اور ایک چھکا شامل رہا، زاہد صدیقی اور عمران اللہ نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں کوئٹہ کیخلاف میزبان ٹیم نے 248 رنز پر6وکٹیں گنوا دیں، فیصل اطہر126 رنز کے ساتھ حریف بولرز کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، ظفرعلی 60رنز بناکر میدان بدر ہوئے، شہزاد ترین نے 80رنز کے بدلے 4 وکٹیںاپنے نام کیں، فیض اللہ نے 2 کھلاڑیوں کومیدان بدر کیا۔میزبان فیصل آباد کے مقابل ملتان نے 3 وکٹ پر 278رنز بنائے، عثمان لیاقت 154رنز کے ساتھ وکٹ پرموجود ہیں، وقار حسین نے پویلین واپس ہونے سے قبل51رنز اسکور کیے۔دوسری جانب پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چار روزہ میچز میں ابتدائی دن نیشنل بینک کیخلاف پی آئی اے کی ٹیم 135 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔



شعیب ملک 28 رنز بناکر ٹاپ اسکورر بنے، رافع صفدر26 ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے، حماداعظم نے 4 جبکہ ضیاالحق نے 3 کھلاڑیوں کو قابو کیا، این بی پی نے جوابی اننگز میں 3 وکٹ پر123رنز بنالیے، سمیع اسلم 59 اور کامران اکمل 22 رنزپر ناٹ آئوٹ ہیں، فواد عالم 29 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔حبیب بینک نے اسٹیٹ بینک کو 226رنز تک محدود کردیا، راحیل مجید69 اور عثمان سعید64 رنز بناکر نمایاں رہے، احسان عادل نے5 وکٹیں لیں، سرمد انور نے 3 اور اسلم قریشی نے 2 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا، جوابی اننگز میں ایچ بی ایل نے بغیر کسی نقصان کے 38 رنز جوڑلیے، عمران فرحت 23 اور اسدبیگ9 پر ناٹ آئوٹ ہیں۔

میزبان سائیڈ خان ریسرچ لیبارٹریز کی ٹیم پی ٹی وی کو 125 پر آئوٹ کرنے کے بعد خود بھی مشکلات سے دوچار ہوگئی، جوابی اننگز میں 117 پر ان کے بھی 8 کھلاڑی پویلین واپس ہوچکے، صدف حسین کی تباہ کن بولنگ کے سامنے سرکاری ٹی وی کی ٹیم کا بوریا بستر 40.2 اوورز میں 125 پر گول ہوگیا، عمران علی28 اور ذیشان مشتاق27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، صدف نے 5 جبکہ یاسرعرفات نے 3 پلیئرز کو قابو کیا، جوابی اننگز میں کے آر ایل نے 28 اوورز میں 8 وکٹیں 117رنز پر گنوادیں، علی خان23 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، رضوان اکبرنے 4 اور وقار احمد نے 3 وکٹیں لیں۔ پورٹ قاسم نے سوئی ناردرن گیس کو 178 پرٹھکانے لگاکر جوابی اننگز میں 4 وکٹ پر85رنز بنالیے، پورٹ قاسم کیلیے عبدالرئوف نے5 وکٹیں لیں۔زیڈ ٹی بی ایل کے مقابل واپڈا نے 7 وکٹ پر291رنز بنائے، عامر سجاد81 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، عدنان رئیس56 پر ناٹ آئوٹ ہیں، عمران خان نے 5وکٹیں لیں۔