صفائی کی صورت حال کو مزید بہتر بنایا جائے قمر شیخ

مسائل کے حل کیساتھ ساتھ گرین بیلٹس کی نگہداشت کیلیے اقدامات کررہے ہیں،مختار پلیجو۔


Staff Reporter September 02, 2012
مسائل کے حل کیساتھ ساتھ گرین بیلٹس کی نگہداشت کیلیے اقدامات کررہے ہیں،مختار پلیجو۔ فوٹو: فائل

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی قمر شیخ نے کہا ہے کہ صفائی کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کیلیے افسران و عملہ بھرپور توجہ دے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ اورنگی زون میں جاری صفائی ستھرائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر ڈاکٹر مختار پلیجو نے کہا ہے کہ گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور بہتری کیلیے مامور عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

یہ ہدایت انھوں نے میونسپل کمشنر راشد خان کے ہمراہ سعودآباد چورنگی سے پاک کوثر ٹائون تک گرین بیلٹ کے دورے کے موقع پر دی، انھوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے ساتھ پارکوں کی تعمیرات اور گرین بیلٹس کی نگہداشت کیلیے اقدامات جاری ہیں، رکن صوبائی اسمبلی نشاط قادری نے کہا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلیے ضروری ہے کہ ندی نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ دوران برسات برساتی پانی کی باآسانی نکاسی کو یقینی بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا، انھوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملیر ندی کے اندر اور اطراف، چکور نالہ، گولڈن ٹائون نالہ سمیت شاہ فیصل کالونی کے اندرونی نالوں سے تجاوزات کے فوری خاتمے کیلیے اقدامات کیے جائیں۔