ایف بی آر نے 100 سے زائد ٹیکس سہولتی کیاسک قائم کردیے

آرٹی اوزکی حدودمیں قائم کیاسک کے پتے،تعینات عملے کی تفصیلات تاجر تنظیموں کوارسال


Irshad Ansari October 25, 2013
ٹیکس دہندگان کوانکم ٹیکس گوشوارے،ویلتھ اسٹیٹمنٹس جمع کرانے میں مدد دینگے،نوٹیفکیشن جاری فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ملک بھر میں قائم تمام ریجنل ٹیکس آفسز کی حدود میں 100 سے زائد ٹیکس فیسلیٹیشن کیاسک قائم کردیے ہیں۔

گزشتہ روز جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کیاسک ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، لاہور، کراچی، گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا سمیت دیگر تمام ریجنل ٹیکس آفسز کی حدود میں قائم کیے گئے ہیں اور ان میں ایف بی آرکے سینئر افسران سمیت دیگر ماہر عملہ تعینات کیا گیا ہے، ساتھ ہی کیاسک کے پتے، تعینات افسران و اہلکار، انکے نام اور موبائل ٹیلی فون نمبرزو دیگر کوائف متعلقہ علاقوں میں آویزاں اور مقامی تاجر تنظیموں وچیمبرز کو بھی ارسال کردیے گئے ہیں تاکہ ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں کسی قسم کی کوئی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کیاسک میں تعینات ایف بی آر کے افسران و عملہ ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس گوشوارے، ویلتھ اسٹیٹمنٹس و دیگر اسٹیٹمنٹس جمع کرانے میں مدد فراہم کرے گا۔ اس بارے میں جب ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ انکم ٹیکس گوشواروں کی تاریخ میں بار بار توسیع کیے جانے اور انکم سپورٹ لیوی و ویلتھ اسٹیٹمنٹ کے حوالے سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں و غلط فہمیوں کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے تھے۔

جنہیں دور کرنے کے لیے اور ٹیکس دہندگان کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، توقع ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں اس سال ٹیکس دہندگان کی طرف سے گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہونگے۔