سانحہ ہزار گنجی علامہ ساجد نقوی کا 3روزہ سوگ کا اعلان

ٹارگٹ کلنگ میں7افراد کی شہادت حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،قائد ملت جعفریہ۔


Staff Reporter September 02, 2012
ٹارگٹ کلنگ میں7افراد کی شہادت حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،قائد ملت جعفریہ

قائد ملت جعفریہ اور ملی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے دو مختلف واقعات میں سات افراد کی شہادت و متعدد کے زخمی ہونے اور سانحات کے بعد پائی جانے والی کشیدگی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب نہیں کیا جارہا ہے، عوام کو اصل حقائق سے بے خبر رکھا جارہا ہے اور عملاً ملک پر دہشت گردوں کا راج ہے، ساجد نقوی نے کہا کہ کوئٹہ، کراچی، پاراچنار، گلگت، چلاس، کوہستان سمیت ملک بھر میں بے گناہ عوام کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے، قائد ملت جعفریہ نے ہزار گنجی کوئٹہ کے سانحات میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور شیعہ علما کونسل کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے زخمیوں کے علاج معالجے میں ضروری تعاون کریں۔