اعصام الحق جونیئر ٹینس کھلاڑیوں کی رہنمائی کریں گے

روہن بوپنا کی خواہش ہے کہ انٹرنینشل ٹورز سے فراغت کے لمحات ان کے ساتھ بھارت میں گزاروں


Sports Desk October 25, 2013
آئندہ برس لاہور میں کوچز کے ہمراہ 3 ہفتے کا کیمپ لگاؤں گا، پاکستانی اسٹار۔ فوٹو: فائل

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق جونیئر پلیئرز کی رہنمائی کریں گے،ان کا کہنا ہے کہ اے ٹی پی ٹور دسمبر میں ختم ہورہا ہے جس کے بعد اپنے کوچز رشید ملک اور محمد خالد کے ساتھ لاہور میں 3 ہفتوں تک نوجوان کھلاڑیوں کاکیمپ لگاؤں گا۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ روہن بوپنا کی خواہش ہے کہ انٹرنینشل ٹورز سے فراغت کے لمحات ان کے ساتھ بھارت میں گزاروں اور ہم دونوں ساتھ ٹریننگ کریں لیکن میں نے فیصلہ کیاکہ لاہور میں ہی رہ کر جونیئر پلیئرز کی کوچنگ کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ میں کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو فٹنس برقرار رکھنے اور میچ میں دبائو سے باہر نکلنے کے گُر سکھائوں گا جبکہ کوچز کھیل کے تکنیکی پہلوئوں سے آگاہی دیں گے۔ اعصام الحق نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان آئندہ برس ڈیوس کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے،یہ کیمپ اس حوالے سے بھی مددگار ثابت ہوگا۔



واضح رہے کہ پاکستان اب مزید 2 برس ایشیا اوشیانا زون ٹو میں کھیلے گا، رواں برس کے آغاز پر میانمار میں شیڈول ٹائی میں سری لنکن امپائر نے ناقص پلیئنگ کنڈیشنز کا بہانہ بنا کرنیوزی لینڈ کو فاتح قرار دے دیا تھا حالانکہ قومی کھلاڑی اس میں واضح برتری قائم کیے ہوئے تھے، اس فیصلے نے پاکستان کی گروپ ون میں رسائی کو شدید دھچکا پہنچایا۔ گروپ ٹو کے ابتدائی رائونڈ میں ٹیم آئندہ برس فروری میں ویتنام سے مقابلہ کرے گی۔ اعصام الحق نے کہا کہ میں عقیل خان کے ہمراہ پاکستان کو ڈیوس کپ گروپ ون میں پہنچانے کیلیے پُرامید ہوں۔ انھوں نے کہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں پاکستان کی وجہ سے ہی ہوں، اس لیے میری خواہش ہے کہ میں بھی ملک کے لیے کچھ کروں۔