نوید عالم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

انتخابات کرانے اور لڑنے والے دونوں ہی اس وقت فیڈریشن کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں جو غیر قانونی اور غیر آئینی ہے


Sports Reporter October 25, 2013
شیڈول کے مطابق صوبوں میں انتخابی عمل 16 سے 20 نومبر تک مکمل ہوگا۔فوٹو: فائل

MULTAN: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، سابق اولمپئن نویدعالم کی جانب سے دائرکردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیاکہ پی ایچ ایف ایگزیکٹیو بورڈ کی جانب سے ملک بھر میں الیکشن کا سلسلہ شروع کیا گیا لیکن درحقیقت رجسٹرڈ کلبز کو انتخابی عمل سے باہر رکھا جارہا ہے، جعلی کلبز بناکرالیکشن کرائے جارہے ہیں۔

اس کارروائی کا مقصد ممکنہ طور پر دھاندلی کرکے من پسند لوگوں کو آگے لانا ہے، انتخابات کرانے اور لڑنے والے دونوں ہی اس وقت فیڈریشن کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں جو غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ جسٹس شجاعت علی خان نے درخواست کو سماعت کیلیے منظور کرتے ہوئے پی ایچ ایف اور اسپورٹس بورڈ سے 11 نومبر کو جواب طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق صوبوں میں انتخابی عمل 16 سے 20 نومبر تک مکمل ہوگا، پی ایچ ایف کے الیکشن21 سے 25 نومبر تک ہونے ہیں۔