پانچویں بار شکار؛ ہیزل ووڈ نے بابر اعظم کی کمزوری بھانپ لی

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 22 نومبر 2019
پاکستانی اوپنرز نے برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں نئی تاریخ رقم کردی
 فوٹو:  اے ایف پی

پاکستانی اوپنرز نے برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں نئی تاریخ رقم کردی فوٹو: اے ایف پی

 لاہور:  جوش ہیزل ووڈ نے بابر اعظم کی کمزوری بھانپ لی جب کہ پیسر نے پانچویں بار پاکستانی بیٹسمین کا شکار کیا۔

گزشتہ آسٹریلوی ٹور میں بابر اعظم نے 11.33 کی اوسط سے 68رنز بنائے تھے، تین ٹیسٹ میں 4بار انھیں جوش ہیزل ووڈ نے آؤٹ کیا، برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز پیسر نے انھیں صرف ایک رن پر میدان بدر کردیا، جوش ہیزل ووڈ کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو باہر جاتی گیند کھیلنے پر مائل کرنے سے کامیابی حاصل ہوئی، میں خوش ہوں کہ بولنگ پلان کام کرگیا۔

دریں اثنا پاکستانی اوپنرز نے برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں نئی تاریخ رقم کردی،اظہر علی اور شان مسعود سب سے بڑی اوپننگ شراکت قائم کرنے والے مہمان کرکٹرز بن گئے،دونوں نے پاکستان ٹیم کو 75 رنز کا آغاز فراہم کیا، اس سے قبل نیوزی لینڈ کے ڈین ایڈگر اور جان رائیٹ نے 1980میں وہاں 64رنز جوڑے تھے۔

بھارتی شیکھر دھون اور مرلی وجے 2014میں 56، کیوی مارٹن گپٹل اور برینڈن میک کولم 2011میں 44 رنز کا آغاز فراہم کر چکے، سعید انور اور محمد وسیم 1999میں 42رنز کی شراکت قائم کرنے میں کامیاب ہوئے تھے جو وہاں پاکستانی اوپنرز کی بہترین کارکردگی کا ریکارڈ بھی تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔