نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر شیف گلزار کا سر پر جوتے مار کر انوکھا احتجاج

ویب ڈیسک  جمعـء 22 نومبر 2019
نواز شریف کے جانے کے بعد جو غریب لوگ جیلوں میں ہیں انہیں بھی بہت جلد انصاف ملے گا، چیف گلزار فوٹوفائل

نواز شریف کے جانے کے بعد جو غریب لوگ جیلوں میں ہیں انہیں بھی بہت جلد انصاف ملے گا، چیف گلزار فوٹوفائل

کراچی: سابق وزیراعظم نواز شریف کی علاج کے لیے بیرون ملک روانگی پر معروف شیف گلزار نے انوکھا احتجاج کیا ہے۔

پاکستان کے معروف شیف گلزار عموماً سیاسی معاملات پر اپنی رائے دینے سے گریز کرتے ہیں۔ تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف کی علاج کے لیے بیرون ملک روانگی پر انہوں نے پہلی بارایک ویڈیو پیغام کے ذریعے انوکھے انداز میں احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

شیف گلزار نے ویڈیو میں سب سے پہلے تو میاں صاحب کو مبارکباد دی کہ انہیں علاج کے لیے لندن جانے کی اجازت مل گئی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عدالتوں کو بھی اتنی جلدی انصاف فراہم کرنے پر مبارکباد دی۔ شیف گلزار نے کہا کہ میں عدالتوں کے اتنے تیز انصاف فراہم کرنے پر بہت خوش ہوں اور میرا خوشی منانے کا انداز نہایت انوکھا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نواز شریف کے بیرون ملک جانے کا مطلب کروڑوں پاکستانی بھی محفوظ نہیں؟ 

شیف گلزار نے طنزیہ انداز میں کہا کہ میں جب خوشی مناتا ہوں تو اپنے سر پر جوتا مارتا ہوں۔ انہوں نے کہا اب مجھے امید ہے کہ جو غریب لوگ جیلوں میں ہیں انہیں بھی بہت جلد انصاف ملے گا۔ جو لوگ اس وقت مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں، خودکشیاں کررہے ہیں، گزارہ کرنے کے لیے اپنے بچے بیچ رہے ہیں شاید اب انہیں بھی ریلیف مل جائے گا۔

شیف گلزار نے نہایت دکھ بھرے انداز میں کہا ہمارے یہاں جو پولیس کا نظام رائج ہے اور لوگوں کے ساتھ جو بھی نا انصافیاں ہوتی ہیں جن لوگوں کے پاس پیسے ہوتے ہیں وہ رشوت دے کر چھوٹ جاتے ہیں اور جو لوگ پیسے نہیں دے سکتے وہ اذیت کا شکار ہوتے ہیں اور بالآخر مر جاتے ہیں لہذٰا اب شاید ایسے لوگوں کو بھی ریلیف مل جائے گا۔

آخر میں شیف گلزار نے کہا ان کے پاس کہنے کو ابھی بھی بہت کچھ ہے لیکن وہ اپنی بات کا اختتام اس گانے پر کریں گے ’’میں خوش ہوں میرے آنسوؤں پر نہ جانا، میں تو دیوانہ دیوانہ دیوانہ‘‘ اللہ ہی حافظ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کرکٹر محمد حفیظ بھی نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر  اداروں  پر سوال اٹھاچکے ہیں انہوں نے ٹوئٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہاتھا کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے کا مطلب ہے کہ  ہم 20 کروڑ پاکستانیوں کی جان خطرے میں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔