بھارت ممبئی حملوں کے مزید ثبوت دے پاکستان

وزیراعظم کادورہ امریکا کامیاب رہا،امریکی قیادت کوتشویش سے آگاہ کیا،امیدہے ڈرون حملوںکاسلسلہ جلدبندہوجائیگا


Numainda Express October 26, 2013
بھارتی فوجیوں نے ورکنگ باؤنڈری پربلااشتعال گولہ باری تیزکردی جس پرتشویش ہے،کشیدگی نہیں چاہتے،ترجمان دفترخارجہ ۔فوٹو: فائل

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کادورہ امریکاانتہائی کامیاب رہا، ڈرون حملوں کے خلاف عالمی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

توقع ہے کہ ڈرون حملوں کا سلسلہ جلدبند ہوجائیگا۔ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے معاملے کو شکیل آفریدی کے معاملے سے جوڑانہیں جاناچاہیے، ممبئی حملوںکے حوالے سے بھارت سے مزیدثبوت چاہئیں، بھارتی فوج نے ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال گولہ باری تیزکردی ہے۔ میڈیابریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ اعزازاحمد چوہدری نے کہاکہ وزیر اعظم کے دورہ امریکامیں ایران گیس پائپ لائن کامنصوبہ بھی زیرغور آیا۔ انھوں نے اس اعتمادکا اظہارکیا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا سے باہمی احترام اور مفادات پر مبنی تعلقات استوارکرنے میںمدد ملے گی۔ وزیراعظم نے امریکی قیادت کومختلف معاملات پرپاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔



وزیراعظم نے ڈاکٹرعافیہ کی واپسی کامعاملہ بھی اٹھایا۔ شکیل آفریدی کا معاملہ بھی زیرغور آیااور امریکاکو بتایاکہ شکیل آفریدی نے پاکستانی قانون کی خلاف ورزی کی ہے اورہماری عدالتیںاس مقدمے میںحتمی فیصلہ کریں گی۔ ترجمان نے کہاکہ امریکانے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردارکو سراہاہے۔ پاکستان، امریکااور افغانستان کواس عمل میںپیشرفت کیلیے مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کاخواہاں ہے۔ دونوں ملکوں کودہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں کرناہوںگی۔ پاکستان کوبھارت کی طرف سے کنٹرول لائن جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوںپر گہری تشویش ہے۔

بھارتی فوجیوں نے ان دنوں ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال گولہ باری تیزکردی ہے اور27پاکستانی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ گولہ باری کے نتیجے میں 2شہری اورایک فوجی شہیدہوئے ہیں۔ جب ان اطلاعات کے بارے میں پوچھا گیاکہ پاکستانی فوجیوں نے بھارتی چوکیوں پر حملہ کیاتو ترجمان نے واضح کیاکہ ہماراکشیدگی پیداکرنے کاکوئی ارادہ نہیں ہے اورپاکستانی فوجی فائرنگ میں پہل نہ کرنے کی پالیسی پرعمل پیراہیں۔ وہ صرف اپنے اوپرکی جانے والی فائرنگ کاجواب دیتے ہیں۔ این این آئی کے مطابق ترجمان نے کہاکہ ممبئی حملوں کے حوالے سے بھارت سے مزیدثبوت چاہئیں۔ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے حوالے سے پاکستان کی پوزیشن واضح ہے اوروزیر اعظم نے بھی اپنے دورے سے بھارت کومثبت جواب بھیجاہے۔