رینجرزکے آپریشن میں منشیات فروش نہیں علاقہ مکین مارے گئے

علاقہ مکینوں کانیشنل ہائی وے پر دھرنا،رینجرز اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ.


Staff Reporter September 02, 2012
علاقہ مکینوں کانیشنل ہائی وے پر دھرنا،رینجرز اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: رینجرز کے قائدآباد میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن میں دو طرفہ فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہونے والی خاتون سمیت3 افراد کی شناخت ہوگئی ، ایس ایچ او قائد آباد کے کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے منشیات فروش نہیں بلکہ علاقہ مکین ہے ، ہلاکتوں کے خلاف علاقہ مکینوں نے نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیکر احتجاج کیا اور رینجرز کے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے گل احمد کے قریب مسلم آباد کالونی میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب رینجرز کی جانب سے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والوں کو30سالہ گل دارا زوجہ عادل جان ، 55 سالہ عبد الرشید ولد عبد العزیز اور32کریم علی کے نام سے شناخت کرلیاگیا، ایس ایچ او قائد آباد امان اﷲ مروت نے بتایا کہ ہلاک ہونے والی خاتون سمیت تینوں افراد مسلم آباد کالونی کے رہائشی تھے ۔

انھوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے رینجرز کے اہلکاروں کے بارے میں انھیں کسی قسم کی اطلاع نہیں ہے کیونکہ کسی سرکاری اسپتال میں زخمیوں کے پہنچنے کی اطلاع نہیں آئی اور نہ ہی کسی نے زخمیوں کے بارے میں تھانے میں آکر رپورٹ درج کرائی ، آپریشن کی انہیں کسی قسم کی اطلاع نہیں دی گئی تھی رینجرز نے اپنے طور پر آپریشن کیا تھا ، خاتون سمیت3افراد کی ہلاکت پر مشتعل علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیدیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گیا ۔

مظاہرین نے رینجرز کے خلاف شدید نعرے لگائے اور خاتون سمیت تینوں افراد کے قتل کا مقدمہ رینجرز کے اہلکاروں کے خلاف درج کرنے کا مطالبہ کیا۔واضح رہے رینجرز نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مسلم آباد میں مصالحے والی گلی میں سر زمین خان ، مرزا خان اور سیف اﷲ کے جوئے کے اڈوں پر چھاپہ مار کر15 افراد کو حراست میں لے کر اڈے سے بھاری تعداد میں اسلحہ ، منشیات اور شراب کی بوتلیں برآمد کر لی تھیں ، رینجرز کے اہلکار جب برآمد ہونے ولی منشیات اور شراب کی بوتلیں اٹھا کر لے جا رہے تھے تو ملزمان نے فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں رینجرز کے2 اہلکار حمید اﷲ اور خان افسر زخمی ہو گئے تھے ۔