کسٹم افسران کی ملی بھگت سے انڈر انوائسنگ قومی خزانے کو ڈیڑھ کروڑ کا نقصان

73 درآمدی کنسائنمنٹس کی کلیئرنس 15کسٹمزافسران نے ویلیویشن رولنگ کا غلط استعمال کرکے کم ویلیو پرکی۔


Ehtisham Mufti October 27, 2013
ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ نے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کم ویلیو پر ہونے پر قومی خزانہ کو 49 لاکھ 7 ہزار 597 روپے کا نقصان پہنچایا. فوٹو: فائل

ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ویسٹ کے اپریزنگ ہال میں تعینات ایک پرنسپل اپریزراور14اپریزنگ آفیسرنے ویلیوایشن رولنگ کا غلط استعمال کرتے ہوئے 73درآمدی کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کم ویلیو پر تشخیص کرکے قومی خزانہ کومجموعی طورپر1کروڑ50لاکھ 412 روپے کا نقصان پہنچانے کے انکشاف پر کلکٹر اپریزمنٹ ویسٹ نے دواپریزنگ آفیسر ثناء اللہ عباسی اور خالد پرویزکو فوری طورپرڈیوٹی آف کردیااور13افسران کو وارنگ لیٹرجاری کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔

ذرائع کے مطابق ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ویسٹ کی جانب سے جولائی تا ستمبر2013کے دوران کلیئرہونے والے درآمدی کنسائنمنٹس کی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہواکہ 73 درآمدی کنسائنمنٹس کی کلیئرنس 15کسٹمزافسران نے ویلیویشن رولنگ کا غلط استعمال کرکے کم ویلیوپرکی۔ ذرائع کے مطابق ڈیوٹی آف کیے جانے والے افسران میں اپریزنگ آفیسرثناء اللہ عباسی نے 15کنسائمنٹس کی کم ویلیو پر کرکے قومی خزانہ کو33لاکھ 48ہزار561روپے نقصان پہنچایا اور خالد پرویز نے 13 کنسائمنٹس کی کلیئرنس کم ویلیوپر کرکے قومی خزانے کو 10لاکھ 82 ہزار 324روپے سے محروم کیا ۔

جبکہ اپریزنگ آفیسرزمیرعالم نے 4 کنسائمنٹس کی کلیئرنس پر 18لاکھ 88 ہزار 50 روپے، تسلیم خان نے 1 کھیپ کی کلیئرنس پر 17 لاکھ 74ہزار770، اظہرشفیع نے 5 کنسائمنٹس کی کلیئرنس پر 13 لاکھ16ہزار277 روپے، ذوالفقارشیخ نے 3 کنسائمنٹس کی کلیئرنس پر 12لاکھ37ہزار423 روپے، بابرگلزارنے 5 کھیپوں کی کلیئرنس پر 9 لاکھ 52ہزار499روپے، شیرخان نے 2کنسائنمنٹس کی کلیئرنس پر 4لاکھ 60 ہزار 977 روپے، عبدالعزیزنے 3 کنسائنمنٹس کی کلیئرنس پر 4 لاکھ 24 ہزار 730 روپے، نواب توقیرنے 8 کنسائنمنٹس کی کلیئرنس پر 3 لاکھ 99ہزار 857 روپے،



جاوید اقبال نے 2کنسائنمنٹس کی کلیئرنس پر 3 لاکھ 66 ہزار 73 روپے، مظفرعباسی نے 6 کنسائنمنٹس کی کلیئرنس پر2لاکھ 14 ہزار 183 روپے، ایس ایم سہیل نے 2کنسائمنٹس کی کلیئرنس پر 1لاکھ 59 ہزار 983 روپے، رانانصیرنے 3 کنسائمنٹس کلیئرنس پر 45 ہزار 621 روپے اور پرنسپل اپریزر جاوید احسن نے 1کھیپ کی کلیئرنس پرقومی خزانہ کو 13 لاکھ 29 ہزار 84 روپے کا نقصان پہنچایا۔

یہاں یہ امر قابل ذکرہے کہ کلکٹراپزیزمنٹ ویسٹ نے قومی خزانہ کو ہونے والے نقصان کو نظراندازکرتے ہوئے صرف کم ویلیو پر کلیئرہونے والے کنسائمنٹس کی تعدادکومدنظررکھتے ہوئے 2 افسران کو ڈیوٹی آف کیا ہے جبکہ کچھ افسران ایسے بھی ہیں جنھوں نے صرف 1 کنسائمنٹس کی کلیئرنس کم ویلیو پرکرکے قومی خزانہ کوزیادہ نقصان پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق کلکٹراپریزمنٹ ویسٹ نے انڈرانوائسنگ میں ملوث کسٹمز افسران کوہدایت کی ہیں کہ قومی خزانہ کو ہونے والے 1 کروڑ 50 لاکھ 412 روپے نقصان کو 30اکتوبر 2013تک پورا کریں بصورت دیگران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں ان کے پرفارمنس الاؤنس روک دیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ کے شعبہ آراینڈڈی نے ویلیوایشن رولنگ نمبر579اور588کے غلط استعمال سے پاؤڈرکے ایک کنسائنمنٹ اورسینتھٹک ربڑکے 3 کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کم ویلیو پر ہونے پر قومی خزانہ کو 49 لاکھ 7 ہزار 597 روپے کے نقصان ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بے بی پاؤڈرکے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس وی بوک کلیئرنس سسٹم کی خرابی کے باعث 2.40 ڈالر فی کلوگرام کے بجائے 1.43ڈالر تا1.70ڈالرفی کلوگرام ہونے سے قومی خزانہ کو 6لاکھ 41 ہزار 360روپے کے نقصان کاسامناکرنا پڑاجبکہ سینتھٹک ربڑکے 3 کنسائمنٹس کی کلیئرنس ویلیویشن رولنگ نمبر579کے تحت 2.50 ڈالر فی کلوگرام کے بجائے 1.58 ڈالرفی کلوگرام ہونے پر قومی خزانہ کو مجموعی طور پر 42 لاکھ 66ہزار237روپے کا نقصان ہوا۔

مقبول خبریں