پاکستان نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کی جانب ایک قدم بڑھا دیا

جنوبی افریقہ سے ڈرا سیریز کے بعدرینکنگ میں چوتھی پوزیشن پرواپسی کی تصدیق


Sports Desk October 27, 2013
مصباح الیون نے ابوظبی میں ٹاپ رینک ٹیم کو شکست دیکر ہی چوتھے نمبر پر واپسی یقینی بنالی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان نے 2017 میں شیڈول ٹیسٹ چیمپئن شپ کی جانب ایک قدم بڑھا دیا۔

اس کی ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر واپسی کی تصدیق ہوگئی، دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ سے اننگز کی شکست کے باوجود ٹیم کو 5 ریٹنگ پوائنٹس حاصل ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 92 رنز سے شکست کے باوجود چوتھی پوزیشن پر واپسی میں کامیاب ہوگئی،آئی سی سی نے اس کی باقاعدہ تصدیق بھی کردی۔ مصباح الیون نے ابوظبی میں ٹاپ رینک ٹیم کو شکست دیکر ہی چوتھے نمبر پر واپسی یقینی بنالی تھی۔



سیریز برابر ہونے کے باوجود پاکستان کو قیمتی 5 پوائنٹس میسر آئے جس کی وجہ سے اس نے ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ دیا، اب اس کے مجموعی پوائنٹس 102 ہوچکے ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹاپ پوزیشن برقرار رہی لیکن دبئی میں فتح بھی اسے 4 پوائنٹس کے خسارے سے نہیں بچا پائی،اب اس کے پوائنٹس 131 رہ گئے اس کے باوجود دوسرے نمبر کی ٹیم انگلینڈ سے 15 پوائنٹس کا فیصلہ برقرار ہے، بھارت کے بھی 116 پوائنٹس ہیں مگر اعشاریائی فرق کی وجہ سے وہ تیسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا اب پانچویں جبکہ ویسٹ انڈیز پاکستان کی جگہ چھٹے نمبر پر پہنچ چکا، سری لنکا اس سے پورے 10 پوائنٹس نیچے یعنی 88 کیساتھ ساتویں نمبر پر ہے، نیوزی لینڈ آٹھویں، زمبابوے نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر موجود ہے۔