کراچی میں بچی کو اغوا کرنے والا خواجہ سرا رنگے ہاتھوں گرفتار

ملزم بچی کو تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر لے گیا تھا، پولیس


Staff Reporter November 28, 2019
ملزم بچی کو تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر لے گیا تھا، پولیس (فوٹو: فائل)

نارتھ کراچی میں 4 سالہ بچی کو اغوا کرنے والے خواجہ سرا کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

نارتھ کراچی سرسید تھانے کی حدود میں واقع گھرکے قریب کھیلنے والی 4 سالہ بچی نمرہ دخترمحمد عمران کو نامعلوم ملزم اغوا کرکے فرار ہورہا تھا کہ اس دوران بچی نے شور مچا دیا اور اپنے تایا کو آواز لگا دی جس پر بچی کے تایا اور علاقہ مکینوں نے ملزم کو پکڑ کر بچی کو برآمد کرلیا اورملزم کوتشدد کا نشانہ بنانے کے بعد علاقہ پولیس کے حوالے کردیا۔

اس حوالے سے سرسید پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم نور ولد رحمان عرف نوری خواجہ سرا ہے، ملزم نے بچی کو گلی میں کھیلتے ہوئے اغوا کیا اور پیدل لے کر فرار ہو رہا تھا اور تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر لے گیا تھا لیکن اسے لوگوں نے موقع پر ہی پکڑلیا۔ والد محمد عمران کا کہنا ہے کہ اس کی بیٹی کے کانوں میں سونے کی بالیاں بھی موجود تھیں جو غائب ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بچی کا والد محمد عمران پیشے کے اعتبار سے ڈینٹر ہے اور اس کے دو بچے ہیں جب کہ گرفتار ملزم کے خلاف بچی کے والد محمد عمران کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کردی گئی ہے۔