کیا آپ یقین کریں گے کہ یہ تصویر پینسل سے بنائی گئی ہے

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 نومبر 2019
جاپانی مصور کی تیار کردہ یہ تصویر 280 گھنٹے میں بنائی گئی ہے اور اس پر حقیقی تصویر کا گمان ہوتا ہے (فوٹو: کوہائی اموری فیس بک پیج)

جاپانی مصور کی تیار کردہ یہ تصویر 280 گھنٹے میں بنائی گئی ہے اور اس پر حقیقی تصویر کا گمان ہوتا ہے (فوٹو: کوہائی اموری فیس بک پیج)

ٹوکیو: آپ کو نظر آنے والی تصویر میں خوبصورت رولیکس گھڑی نظر آرہی ہے جس پر گمان ہوتا ہے کہ یہ کیمرے سے کھینچی گئی کوئی بلیک اینڈ وائٹ فوٹوگراف ہے لیکن حقیقت میں یہ ایک مصورانہ کاوش ہے جسے پینسل سے بنایا گیا ہے۔

اب اس تصویر کو غور سے دیکھیں کہ پوری گھڑی تھری ڈی انداز میں نظر آرہی ہے اور جاپانی مصور کوہائی اوموری کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے جسے گریفائٹ پینسل سے بنایا گیا ہے۔

گزشتہ چند برسوں میں کوہائی اموری کا فن پوری دنیا میں مشہور ہوا ہے اور اس کی وجہ کام پر ان کی توجہ اور محنت میں اضافہ بھی ہے۔ کوہائی کی عمر صرف 25 برس ہے لیکن وہ ایک تصویر بنانے میں سیکڑوں گھنٹے صرف کرتے ہیں۔ وہ ہمیشہ گریفائٹ کی اعلیٰ پینسل کو آخری حد تک نوک دار بناکر استعمال کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ باریک تفصیلات کے لیے وہ انتہائی باریک اور نوک دار پینسل سے فن پارے بناتے ہیں۔

سال 2017ء میں پہلی مرتبہ کوہائی اوموری کا چرچا ہوا جب انہوں نے ایک مشروب کا کین تیار کیا اوراسے دیکھ کر گمان ہوتا تھا کہ بیئر کین کی تصویر لے کر اسے کاغذ پر چھاپ دیا گیا ہے۔ اس کے بعد فیس بک اور ٹویٹر پر ان کی تصاویر وائرل ہوگئیں اور اسے بہت پسند کیا گیا۔

لیکن خود اوموری کے مطابق یہ کام بہت صبر اور محنت طلب ہے۔ ان کی دوسری تخلیق میں ایک نٹ بولٹ کو دیکھا جاسکتا ہے جس میں گہری تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔ اس نٹ بولٹ کی تیاری میں انہیں 280 گھنٹے لگے جو تصویر دیکھنے کے ان کے انداز کو ظاہر کرتی ہیں۔

سیکو گھڑی ان کا جدید ترین فن پارہ ہے جس کی تیاری کا احوال یوٹیوب ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے اور اس تصویر کو دیکھ کر لوگ انگشتِ بدنداں رہ گئے ہیں۔

دریں اثنا کوہائی اوموری مصوری بھی کرتے ہیں اور پورٹریٹ بھی بناتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔