بلدیہ ٹائون نوبیاہتامقتولہ کی قبرکشائی 5ستمبر کو ہوگی

مقتولہ رات کو کسی سے فون پر بات کرتی تھی،گرفتار ملزم کا تفتیشی افسر کو بیان۔


Staff Reporter September 02, 2012
مقتولہ رات کو کسی سے فون پر بات کرتی تھی،گرفتار ملزم کا تفتیشی افسر کو بیان. فوٹو: فائل

بلدیہ ٹاؤن میں11 اگست کو قتل کے بعد بغیر پولیس کارروائی کے سپرد خاک کی جانے والی نو بیاہتا کی5 ستمبر کو قبر کشائی کی جائے گی،واردات میں شوہر اور مقتولہ کے بھائی کو سی آئی ڈی پولیس نے گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا تھا، مقتولہ رات کے وقت کسی سے فون پر بات کرتی تھی ، گرفتار ملزم نے موچکو پولیس کے تفتیشی افسر کو اپنے بیان میں بتایا ۔

تفصیلات کے مطابق موچکو تھانے کی حدود بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی میں11 اگست کو قتل کے بعد بغیر پولیس کارروائی کے گلشن غازی کے قبرستان میں سپرد خاک کی جانے16سالہ رمیم کی 5 ستمبر کو مجسٹریٹ کی نگرانی میں قبر کشائی کی جائے گی یہ بات موچکو تھانے کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر حیات نے ایکسپریس کو بتائی، انھوں نے بتایا کہ رمیم کو اس کے شوہر شریف اور رمیم کے بھائی فضل نے مل کر قتل کیا تھا اور لاش بغیر پولیس کارروائی کے قبرستان میں سپرد خاک کر دی تھی۔

بعدازاں سی آئی ڈی پولیس نے مخبر کی اطلاع پر دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے موچکو پولیس کے حوالے کر دیا جہاں ملزمان کیخلاف مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا جس میں شریف اور فضل کو نامزد کیا تھا ، گرفتار ملزم شریف نے اپنے بیان میں تفتیشی افسر سب انسپکٹر حیات کو بتایا رمیم سے اس کی2 ماہ قبل آبائی گاؤں شانگلا میں شادی ہوئی تھی جس کے بعد وہ اسے لے کر کراچی آگیا تھا ، ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ رمیم پوری پوری رات اپنے گاؤں کے کسی لڑکے سے موبائل فون پر بات کرتی رہتی جس پر اس نے اسے منع کیا تھا تاہم وہ نہیں مانی جس پر اس نے رمیم کے بھائی فضل کو ساری بات بتائی اور دونوں نے مشورے کے بعد10 اور 11اگست کی درمیانی شب فضل نے سوئی ہوئی رمیم کے پیر پکڑے اور اس نے رسی سے اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔