ون ڈے سیریزرنز کی بارش سے فتح کا قحط ختم کرنے کے عزائم

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخ بدلنے کا خواب دیکھ لیا،پہلی سیریز میں جیت کا ارادہ


Sports Desk October 29, 2013
تازہ دم کمک پہنچنے سے حوصلے بلند ہوچکے، ون ڈے سیریز کا نئے عزم سے آغاز کریں گے۔کوچ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان ون ڈے سیریز میں رنزکی بارش سے فتح کا قحط ختم کرنے کیلیے پُرعزم ہے،اب تک کبھی سیریز میں پروٹیز کو قابو نہیں کیا مگر اب ٹیم تاریخ بدلنے کا خواب دیکھنے لگی،گرین شرٹس کے حوصلے ناصر جمشید، محمد حفیظ، شاہدآفریدی اور عمراکمل جیسے پلیئرز کی آمد نے بڑھا دیے ہیں۔

دوسری جانب کپتان مصباح الحق نے ساتھیوں کو خبردار کیاکہ وہ حریف سائیڈ میں ہاشم آملا اور ڈیل اسٹین کی عدم موجودگی سے سہل پسندی کا شکار نہ ہوں، ٹیم میں کوئی نیا نہیں، سب کو انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ ہے، کوچ ڈیوواٹمور نے کہاکہ تازہ دم کمک پہنچنے سے حوصلے بلند ہوچکے، ون ڈے سیریز کا نئے عزم سے آغاز کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے پروٹیز کیخلاف ون ڈے تاریخ بدلنے کا خواب دیکھ لیا، ایک روزہ کرکٹ میں جنوبی افریقہ سے سیریز میں فتوحات کا قحط رنز کی بارش سے ختم کرنے کی کوشش ہوگی، بیٹنگ کیلیے سازگار پچز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجا کر حریف کو دباؤ کا شکار کیا جائے گا، البتہ ماضی کا ریکارڈ اچھا نہیں اورگذشتہ 6 باہمی سیریز میں ایک بار بھی کامیابی گرین شرٹس کے ہاتھ نہیں آئی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 63 میچز کھیلے جاچکے، ان میں پاکستانی ٹیم کو 42 میں ناکامی اور صرف 20 میں فتح ہاتھ آئی، ایک میچ کا نتیجہ ہی نہیں نکلا، باہمی سیریز کا ریکارڈ تو اور بھی مایوس کن ہے، دونوں ممالک کے درمیان اس فارمیٹ میں 6 سیریز کھیلی جاچکیں اور تمام میں فاتح جنوبی افریقہ ہی رہا۔ پہلی باہمی سیریز 2002-03 میں کھیلی گئی جس میں پروٹیز نے ہوم گراؤنڈز پر 4-1 سے فتح اپنے نام کی، اگلے سیزن یعنی 2003-04 میں پروٹیزٹیم جب پاکستان کے دورے پر آئی تو پانچ میچز کی سیریز میں اس کی کامیابی کا تناسب 3-2 رہا۔ 2006-07 میں پاکستانی ٹیم جب جنوبی افریقہ گئی تو اسے سیریز میں 1-3 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

2007-08 میں پروٹیز نے پھر پاکستان آکر گرین شرٹس کو اس کے اپنے گراؤنڈز پر 3-2 سے پچھاڑا، 2010-11 میں متحدہ عرب امارات میں سیریز کا نتیجہ بھی جنوبی افریقہ کے حق میں ایسا ہی برآمد ہوا، رواں برس کے آغاز پر پاکستانی ٹیم کو پروٹیز نے اپنے ہوم گراؤنڈز پر 3-2 سے شکست دی،اب دونوں ممالک میں ساتویں مرتبہ بدھ سے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز بدھ سے شارجہ میں ہورہا ہے۔



ادھر شاہد آفریدی، محمد حفیظ ، ناصر جمشید اور عمر اکمل کی آمد سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوگئے، وہاب ریاض، صہیب مقصود اور وکٹ کیپر سرفراز احمد بھی شارجہ میں ایک روزہ سیریز کی تیاریوں کا آغاز کرچکے ہیں، کوچ ڈیو واٹمور بھی دوسرے ٹیسٹ میں شکست کا غم بھول کر نئے معرکوں کیلیے ٹیم کو تیار کررہے ہیں، انھوں نے کہاکہ ٹیم کا موڈ کافی بہتر ہے، ون ڈے فارمیٹ میں ہماری پرفارمنس زیادہ بہتر اور اب ہمیں 8 پلیئرز نے جوائن کرلیا، ہم ون ڈے سیریز کا آغاز نئے ولولے سے کریں گے۔

کپتان مصباح الحق نے جنوبی افریقی قائد ابراہم ڈی ویلیئرز کے ہمراہ ون ڈے ٹرافی کی رونمائی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو جوائن کرنے والے نوجوان کھلاڑی بھی2،3 برس سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، ناصر جمشید کئی میچز میں حصہ لے چکا، احمد شہزاد بھی اب باقاعدگی سے کھیل رہا ہے، عمر اکمل بھی ٹیم کا باقاعدہ حصہ اور کئی میچز جتوا چکا، اس لیے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ میں نئے ہیں۔ انھوں نے ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ حریف سائیڈ میں ہاشم آملا اور ڈیل اسٹین کی عدم موجودگی سے سہل پسندی کا شکار نہ ہوں، میں نے ہمیشہ محسوس کیاکہ جب بھی کبھی ایسا ہوتا ہے ہماری سائیڈ سہل پسند ہوجاتی ہے، اب اس مسئلے سے بچنا ہوگا۔