کولکتہ جہاز کے ذریعے ٹنڈولکر پر 199 کلو گلاب کی پتیاں نچھاور کی جائیں گی

میچ سے قبل اور دوران ماسٹر بیٹسمین کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا جائیگا


Sports Desk October 30, 2013
وزیر اعلی ممتا بینرجی کی جانب سے ٹنڈولکر کے اعزاز میں سرکاری تقریب منعقد ہوگی۔فوٹو:فائل

کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے سچن ٹنڈولکر کے 199ویں ٹیسٹ کو یادگار بنانے کیلیے مختلف پروگرامز ترتیب دے دیے۔

میچ سے قبل اور دوران ماسٹر بیٹسمین کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا جائیگا، ویسٹ انڈیز کیخلاف مقابلہ6 نومبر سے شروع ہو گا،ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ٹنڈولکر کی وکٹ پر آمد کے موقع پر پرائیویٹ ہوائی جہاز کے ذریعے ان پر 199 کلو گلاب کی پتیاں نچھاور کی جائیں گی، 10 نومبر کو میچ کے اختتام پر ریاستی وزیر اعلی ممتا بینرجی کی جانب سے ٹنڈولکر کے اعزاز میں سرکاری تقریب منعقد ہوگی،خصوصی پروگرامز کا سلسلہ 3 نومبر سے شروع ہوگا، کیب کی عشائیہ تقریب میں ویوین رچرڈز، شین وارن اور ساروگنگولی شریک ہوں گے، ایڈن گارڈنز آنے والے تمام 70 ہزار شائقین میں ٹنڈولکر کے کارناموں پر مشتمل 45 صفحات کا کتابچہ بھی تقسیم کیا جائیگا،میچ کے دوران شائقین کو ٹنڈولکر کے کٹ آئوٹس بھی دستیاب رہیں گے، اسٹیڈیم میں کئی مقامات پر ٹنڈولکر کے بڑے پوسٹرز آویزاں کیے جائیں گے۔