پاکستانی پلیئرز کو آئی پی ایل میں شامل کیا جائے ثقلین کا مطالبہ

پاک بھارت رقابت ایشز سے بڑی ہے، ایک دوسرے سے متواتر کھیلنا چاہیے، سابق اسپنر


Sports Desk October 31, 2013
پاک بھارت رقابت ایشز سے بڑی ہے، ایک دوسرے سے متواتر کھیلنا چاہیے، سابق اسپنر فوٹو: فائل

سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے پاکستانی پلیئرز کو آئی پی ایل میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ان کے مطابق پاک بھارت ٹیموں کو متواتر ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا چاہیے، یہ رقابت ایشز سے کہیں زیادہ بڑی ہے۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی لیگ میں عدم موجودگی کرکٹ کیلیے نقصان کا باعث ہے،ایونٹ میں تمام پلیئرز کو موقع فراہم کرکے کھیلوں کی حمایت کرنی چاہیے۔ ثقلین نے مزید کہا کہ سچن ٹنڈولکر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ دنیائے کرکٹ کے لیے بڑا نقصان ہے، وہ نہ صرف ایک حیران کن پلیئر بلکہ عظیم بیٹسمین بھی ہیں، میرے دل میں ان کی بہت عزت ہے۔

ٹنڈولکر آئندہ ماہ ممبئی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 200 ویں ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے۔ 1999 کے چنئی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لے کر بھارت کیخلاف پاکستان کو 12 رنز سے فتح دلانے والے ثقلین کا کہنا ہے کہ ٹنڈولکر کے خلاف کھیلنا اور انھیں آؤٹ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی، چند موقع پر میں ان سے بہتر رہا۔



'دوسرا' کے موجد ثقلین ان دنوں ویسٹ انڈیز کے دورۂ بھارت سے قبل ٹیم کے سلو بولرز کو بارباڈوس کے ایک خصوصی کیمپ میں ٹریننگ دے رہے ہیں۔ 49 ٹیسٹ اور 169 ایک روزہ میچ کھیلنے والے سابق اسپنر بھارت کے دورے پر نہیں جا رہے، انھیں بنگلہ دیش کے ساتھ اپنا اسپن کوچ کا معاہدہ پورا کرنا ہے۔ ثقلین نے کہا کہ بھارت اپنے گراؤنڈز پر ایک انتہائی سخت ٹیم اور یہ سیریز اس کیلیے جذباتی حیثیت رکھتا ہے، وہاں کامیابی کیلیے ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ ہونے کی ضرورت ہے، گیم پر پورا عبور ہونا چاہیے، سچن جیسے پلیئر کو آؤٹ کرنے کیلیے ہمارے بولرز کو پُراعتماد ہونا چاہیے، اس وقت بھارت دنیا کی بہترین ٹیم ہے، وہ ذہنی طور پر جیت کیلیے تیار رہتے ہیں، انھیں ان کے وطن میں شکست دینا مشکل ہے۔ ثقلین اقرار کرتے ہیں کہ اسپن بولنگ منظرنامے میں شین وارن اور متیاہ مرلی دھرن کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایک بڑا خلا پیدا ہوا ہے، البتہ سعید اجمل، آر ایشون ، گریم سوان اور شین شلنگفورڈ جیسے بولرز بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں۔