خیبر پختونخوا اسمبلی میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 متفقہ طور پر منظور

بلدیاتی ایکٹ کے تحت ولیج کونسل کے انتخابات غیر جماعتی جبکہ ضلع کونسل کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔


ویب ڈیسک October 31, 2013
خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت بل کے تحت یونین کونسل کی جگہ ولیج کونسل ہوں گی، فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا اسمبلی میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے لوکل گورنمنٹ بل پیش کیا، بل کے تحت یونین کونسل کی جگہ ولیج کونسل ہوں گی، ولیج کونسل کے انتخابات غیر جماعتی جبکہ تحصیل اور ضلع ناظم کےانتخابات جماعتی بنیادوں پرہوں گے، بل پر بحث کے دوران جے یو آئی (ف) کے رکن اسمبلی مولانا لطف الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں ولیج کونسل کی جگہ یونین کونسل کو ترجیح دی جائے، جس کے جواب میں عنایت اللہ خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا مقصد اختیارات کو یونین کونسلز سے بھی نیچے ولیج کونسلز تک منتقل کرنا ہے تاکہ لوگ اپنے فیصلے خود کریں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار بابک کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کو جماعتی بنیادوں پر کرایا جائے جس پر صوبائی وزیر نے جواب دیا کہ ولیج کونسل کے علاوہ تمام سطح پر ہونے والے بلدیاتی انتکابی جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، بعد ازاں اسمبلی نے بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

واضح رہے کہ سندھ ، بلوچستان اور پنجاب میں بلدیاتی گورنمنٹ ایکٹ منظوری کرلئے گئے تاہم اسلام آباد اور کنٹونمنٹ ایریاز مین بلدیاتی نظام کا تعین اب تک نہیں کیا جاسکا۔