عزیز آباد میں قائم یادگار شہدا پرنامعلوم افراد کی توڑ پھوڑ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 15 دسمبر 2019
توڑ پھوڑ کی فوٹیجز وائرل ہونے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما یادگار پر پہنچے، معائنہ کیا۔ فوٹو: فائل

توڑ پھوڑ کی فوٹیجز وائرل ہونے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما یادگار پر پہنچے، معائنہ کیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: عزیز آباد میں قائم یادگار شہدا پر نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کی اور مرکزی فوارہ مسمار کردیا، اس کے علاوہ یادگار پر مختلف مقامات سے ٹائلز اکھاڑے گئے جبکہ فرش پر بھی ہتھوڑے برسائے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کے لیے انھیں کوئی درخواست نہیں دی گئی ، تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب عزیز آباد کے علاقے میں جناح گراؤنڈ میں قائم یادگار شہدا پر نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کی ، اس دوران یادگار کے مرکز میں قائم فوارہ مسمار کردیا گیا جبکہ اس کے ٹائلز بھی مکمل طور پر توڑ دیے گئے، اس کے ساتھ ساتھ یادگار کے مختلف پلرز کے بھی ٹائلز توڑے گئے۔

کئی مقامات پر ٹائلز ٹوٹے ہوئے پائے گئے جبکہ یادگار کا فرش بھی اکھاڑا گیا ہے، جگہ جگہ ہتھوڑے برسائے جانے کے نشانات پائے گئے ، توڑ پھوڑ کی فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان اور دیگر رہنما جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ہی یادگار پر پہنچے اور معائنہ کیا، دن بھر پولیس و رینجرز کی بھاری نفری وہاں تعینات رہی اور کسی کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس سلسلے میں ایس ایچ او عزیز آباد حاجی ثنا اللہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ انھیں کسی بھی سیاسی رہنما کی جانب سے باضابطہ طور پر اس بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا ، واقعہ معلوم ہونے پر پولیس خود موقع پر پہنچی اور سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔