رواں سال 27 بینک ڈکیتیوں میں ڈاکوؤں نے 9 کروڑلوٹ لیے

27 میں سے 18 بینک ڈکیتیاں ڈاکوؤں نے جمعے کوکیں،مزاحمت پر قتل بھی کیے


Staff Reporter November 02, 2013
مزاحمت پر 3 سیکیورٹی گارڈز جبکہ ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔ ۔فوٹو: فائل

رواں سال شہر میں بینک ڈکیتی کی 27 وارداتوں میں ڈاکو 9 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوئے جبکہ ڈاکوؤں کے لیے جمعہ کا دن بینک ڈکیتی کے لیے پسندیدہ دن ہے اور رواں سال ہونے والی بینک ڈکیتی کی وارداتوں میں سے 18 بینک ڈکیتی جمعے کو کی گئیں۔

رواں سال کی جانے والی بینک ڈکیتی کی وارداتوں میں ڈاکو 9 کروڑ 66 لاکھ 53 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ، رواں سال بینک ڈکیتی کی وارداتوں میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 3 سیکیورٹی گارڈز جبکہ ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا ، بینک ڈکیتی کی تفتیش کرنے والے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ ( ایس آئی یو) رواں سال کے دوران بینک ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی۔



بینکوں میں بننے والی سی سی کیمرا فوٹیج ملنے کے باوجود ایس آئی یو پولیس ملزمان کے گروہ کا سراغ لگانے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے ان کے حوصلے بلند ہیں اور بغیرکسی ڈر و خوف کے انتہائی دیدہ دلیری سے بینک لوٹنے کی وارداتیں کر رہے ہیں ، سب سے زیادہ 4 وارداتیں ستمبر میں جبکہ فروری ، مارچ اور اگست میں بینک ڈکیتی کی 3 ، 3 وارداتیں ہوئیں۔