اسٹیل مل کی نجکاری کا فیصلہ قبول نہیں کرینگےرضا ربانی

آئی ایم ایف کے اشاروں پر کسی صورت ملکی اداروں کا سودا نہیں ہونے دیں گے،رہنما پیپلزپارٹی


Staff Reporter November 02, 2013
پیپلز پارٹی کے رہنما کا پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین کے جلسہ عام سے ٹیلیفونک خطاب فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا دوٹوک موقف ہے کہ اسٹیل مل کی نجکاری نہ کھپے،پاکستان اسٹیل قومی اثاثہ ہے ۔

پیپلز پارٹی کسی صورت اس کی نجکاری قبول نہیں کرے گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان اسٹیل میں 4نومبر کے ریفرنڈم کے سلسلے میں پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین سی بی اے کے جلسہ عام سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہاکہ پاکستان اسٹیل کسی جماعت کا سیاسی مسئلہ نہیں ہے ، قومی مفاد کا تقاضا ہے کہ اس کی نجکاری نہیں کی جائے ،پاکستان اسٹیل ملک کا اسٹرٹیجک حساس اثاثہ ہے ،ہزاروں محنت کشوں کا مستقبل تاریک نہیں ہونے دیں گے۔



انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی رُکی ہوئی تنخواہیں فی الفور جاری کی جائیں اور متنبہ کیا کہ آئی ایم ایف کے اشاروں پر کسی صورت ملکی اداروں کا سودا نہیں ہونے دیں گے،جلسہ عام میں مزدوروں کی بڑی تعداد شریک تھی،کئی تنظیموں اور رجسٹریڈ یونینزو دیگر یونین کے عہدیداران نے پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین کی حمایت کا اعلان کیا ۔