ٹورنامنٹ آف چیمپئنز سیمونا نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

سیمی فائنل میں رسائی،الینا ویسنینا نے اینا ایوانووک کو ہرادیا، پیرس ماسٹرز میں جوکووک نے واورنیکا کو شکست دیدی


AFP/Sports Desk November 02, 2013
رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے آخری لیگ میچ میں یوکرین کی الینا سویٹولینا کیخلاف 6-1،6-1 سے فتح پائی.فوٹو:فائل

ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ آف چیمپئنز میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

روسی پلیئر الینا ویسنینا نے سابق عالمی نمبرون اینا ایوانووک کو ہرادیا، پیرس ماسٹرز میں نووک جوکووک نے سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا کو شکست دیکر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے، لندن میں شیڈول سیزن کے اختتامی اے ٹی پی ایونٹ میں جگہ بنانے والے فیڈرر نے بھی راؤنڈ 8 میں ڈیل پوٹروکو ٹھکانے لگا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ آف چیمپئنز میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے آخری لیگ میچ میں یوکرین کی الینا سویٹولینا کیخلاف 6-1،6-1 سے فتح پائی، دوسرے گروپ سے سربیا کی سابق عالمی نمبرون اینا ایوانووک کو روسی حریف الینا ویسنینا نے پچھاڑ دیا،ان کی جیت کا اسکور 6-4 ، 3-6 اور7-6(7/1) رہا۔ دوسری جانب پیرس ماسٹرز میں سربیا کے عالمی نمبر2 نووک جوکووک نے سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-1 اور6-4 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے۔



جوکووک نے پہلا سیٹ جیتنے میں صرف 26 منٹ صرف کیے، بریک کے ساتھ پہلے سیٹ میں3-0 کی برتری ملنے کے بعد انھوں نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا اور بازی6-1 سے اپنے نام کی، سوئس حریف کو دوسرے سیٹ کے آغاز پر پوائنٹس بنانے کے سنہری مواقع ملے لیکن وہ چاربریک پوائنٹس سے خاطرخواہ فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے، 2 گیمز بعد انھیں مزید چانس ملے لیکن ایک مرتبہ پھر سستی کی انھیں بھاری قیمت چکانا پڑی اور جوکووک نے اس سیٹ میں 4-3 کی سبقت لے لی، جس کے بعد دیگر 2 گیمز میں نووک نے اپنی مہارت دکھاتے ہوئے اسٹینسلس کو بے بس کردیا، لندن میں شیڈول سیزن کے اختتامی اے ٹی پی ایونٹ میں جگہ بنانے والے فیڈرر نے رائونڈ 8 میں ڈیل پوٹروکو ٹھکانے لگا دیا، ان کی جیت کا اسکور 6-3 ، 4-6 اور6-3 رہا، ہموطن اسٹینسلس واورنیکا نے اسپین کے نکولس الماگرو کو 6-3 اور6-2 سے زیر کرکے لندن ایونٹ کا ٹکٹ حاصل کیا تھا۔