مکی آرتھر نے پاکستانی پلیئرز کی خامیوں سے فائدہ اٹھالیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 20 دسمبر 2019
کوچ نے میزبان بیٹسمینوں کیلیے جو پلان دیا اس کی مدد سے وکٹیں اڑائیں، ایمبلڈینیا
 فوٹو: فائل

کوچ نے میزبان بیٹسمینوں کیلیے جو پلان دیا اس کی مدد سے وکٹیں اڑائیں، ایمبلڈینیا فوٹو: فائل

کراچی:  مکی آرتھر نے پاکستانی کرکٹرز کی خامیوں سے بھرپور فائدہ اٹھا لیا۔

سابق پاکستانی کوچ مکی آرتھر اب سری لنکن ٹیم سے وابستہ ہیں، انھیں میزبان کھلاڑیوں کی خوبیوں خامیوں کا بخوبی اندازہ ہے جس کا گذشتہ روز فائدہ بھی اٹھایا۔

کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں4وکٹیں اڑانے والے لسیتھ ایمبلڈینیا کا کہنا ہے کہ آرتھر نے ہمیں میزبان بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کا جو پلان دیا تھا اسی پر عمل کیا، میں نے بہترین ایریا میں گیندیں کرائیں اور وکٹیں لیں، مجھے معلوم تھا کہ پاکستانی بیٹسمین اسپنرز کا اچھے انداز میں سامنا کرتے ہیں، پچ کے وسط میں ایک اسپاٹ تھا اس سے گیند ٹرن کرنے میں بڑی مدد ملی،میچ کے آخری مراحل میں اس کا اہم کردار ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ دوسرے سیشن میں طے کیا تھا کہ رنز روکنا اور بیٹسمینوں پر دباؤ برقرار رکھنا ہے، یہ حکمت عملی بڑی کامیاب رہی اور حریف ٹیم نے وکٹیں گنوائیں۔

ایک سوال پر لیفٹ آرم اسپنر نے کہا کہ بابر اعظم مسلسل کریز سے آگے نکل کر اسٹروکس کھیل رہے تھے، ایک بار پھر انھوں نے ایسا کرنا چاہا تو میں نے صورتحال بھانپ کر لینتھ تبدیل کردی، خوش قسمتی سے گیند بھی کافی ٹرن ہوئی اور نوجوان بیٹسمین اسٹمپڈ ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔