قائداعظم ٹرافی کراچی بلوز نے بساط پلٹ دی بہاولپور 5 وکٹ سے زیر

راجیش رمیش نے5 کھلاڑیوں کوپویلین بھیجا،زوہیب شیرا کی4 وکٹیں،راولپنڈی کیخلاف ایبٹ آباد شکست کے قریب


Sports Desk November 03, 2013
عامر یامین 225 کی اننگز کھیلنے میں سرخرو،اسلام آباد کے مقابل کراچی وائٹس کو 164رنزکی سبقت، پریذیڈنٹ ٹرافی میں پورٹ قاسم مشکلات سے دوچار۔ فوٹو: فائل

قائداعظم ٹرافی میں کراچی بلوز نے بساط پلٹتے ہوئے بہاولپور کو 5وکٹ سے زیر کرلیا، راولپنڈی نے ایبٹ آباد کو شکست کے قریب دھکیل دیا۔

ملتان نے کوئٹہ کے گرد شکنجہ کس دیا، 179رنزکے خسارے سے دوچار ٹیم نے157پر7 وکٹیں گنوا دیں،ملتان کیلیے عامریامین 225 کی اننگزکھیلنے میں سرخرو ہوئے، اسلام آباد کے مقابل کراچی وائٹس نے تین وکٹ پر 129بناکر مجموعی برتری کو 164رنز کرلیا۔ پریذیڈنٹ ٹرافی میں شاہ زیب حسن کی سنچری کے باوجود پورٹ قاسم مشکلات سے دوچار ہے، 178 کا ہدف پانے و الی پی ٹی وی کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 16رنز بنالیے۔تفصیلات کے مطابق قائداعظم ٹرافی میںکراچی بلوز کیخلاف پہلی اننگز میں 102 رنز کی سبقت پانے والی بہاولپور کی ٹیم تیسرے روز دوسری باری میں77 پر ڈھیرہوگئی،راجیش رمیش اور زوہیب شیرا نے حریف بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں، راجیش نے 49رنز کے عوض5 کھلاڑیوں کوپویلین بھیجا جبکہ زوہیب نے محض24رنز دے کر4 وکٹوں کا سودا کیا۔

عمران اللہ اسلم 26رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے، حماد طارق13 اور فیصل مبشر12رنز کے ساتھ نمایاں رہے، زوہیب نے پہلی اننگز میں بھی تین وکٹیں لی تھیں، بلوز نے فتح کیلیے درکار 180رنز کا ہدف41.1 اوورز میں 5 وکٹ گنواکر حاصل کرلیا، نوید خان نے 80رنز اسکور کیے، عبدالرحمان نے 3وکٹیں لیں۔واضح رہے کہ بہاولپورکی ٹیم کے 258رنز کے جواب میں کراچی بلوز پہلی کاوش میں 156 پر آئوٹ ہوگئی تھی۔ راولپنڈی نے 405 کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دے کر ایبٹ آباد کو شکست کے قریب دھکیل دیا، اویس ضیا(78)، نوید ملک(57) اور مزمل نظام (57) نے عمدہ اننگز کھیلیں، عزیز الرحمان 6 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، 213 رنز کے خسارے میں جانے والی حریف ٹیم نے دن کے اختتام پر6 وکٹ پر140رنز بنالیے، کامران غلام45رنز کے ساتھ نمایاں رہے، حسیب اعظم نے3 وکٹیں لیں۔پشاور کیخلاف سیالکوٹ نے دوسری باری میں بغیر کسی نقصان کے 77رنز بناکر اپنی مجموعی سبقت 120رنز تک پہنچا دی، حافظ ماجد جہانگیر49پر ناٹ آئوٹ ہیں۔



سیالکوٹ کے مجموعے 313 کے جواب میں پشاور کی ٹیم 270رنز بناکر رخصت ہوگئی، احمد جان نے 59 کی اننگز کھیلی، حسن علی نے 4 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے۔ملتان نے کوئٹہ کے گرد شکنجہ کس دیا، 179رنزکے خسارے سے دوچار ٹیم نے157 پر7 وکٹیں گنوائیں، اسے اننگز کا حساب برابر کرنے کیلیے اب بھی مزید22 رنز درکار ہیں،ملک بدر45 اور تیمورعلی38رنز بناکر پویلین واپس لوٹے، محمد رمیز نے 3 پلیئرز کو قابو کیا جبکہ عامر یامین اور حاذق حبیب اللہ کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں، اس سے قبل ملتان کی پہلی اننگز423 پر تمام ہوگئی، عامریامین 225 کی اننگزکھیلنے میں سرخرو ہوئے، وہ گذشتہ دن 153رنز پر ناٹ آئوٹ تھے،گوہر فیض نے 4 اور حمال وہاب نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔اسلام آباد کے مقابل کراچی وائٹس نے دوسری باری میں تین وکٹ پر 129بناکر مجموعی برتری کو 164کرلیا،سعد علی دوسری اننگز میں بھی ففٹی بنانے میں کامیاب رہے، وہ 53رنز بناکر میدان بدرہوئے،احمد اقبال26 پر ناٹ آئوٹ ہیں۔

قبل ازیں اسلام آباد کی ٹیم پہلی باری میں 300 پر آئوٹ ہوکر 35رنز کے خسارے میں چلی گئی، آفاق رحیم89 رنز بناکر نمایاں رہے، میر حمزہ نے 6 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا۔لاہور شالیمار نے فیصل آباد کو اپنے جال میں گھیرلیا، پہلی باری میں 226رنز بناکر6رنز کی برتری پانے والی شالیمار نے حریف ٹیم کو دوسری باری میں 96 پر 8وکٹیں سے محروم کردیا، محمد عرفان نے 4 اور وقار احمد نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس پہنچایا، عمار محمود34 اور ذیشان آصف25رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرپائے۔دوسری جانب پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میچز میں حبیب بینک نے چار وکٹ پر 180رنز جوڑ لیے، شان مسعود74رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، عمران فرحت56کی اننگز کھیل کر پویلین واپس گئے، شعیب ملک نے 2وکٹیں لیں، قبل ازیں پی آئی اے نے343 رنز بنائے ۔اسٹیٹ بینک کیخلاف کے آر ایل نے 7 وکٹ پر 437رنز اسکور کرلیے، علی خان 170رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، محمد نوید نے 3 وکٹیں لیں۔

واپڈا سے میچ میں یوبی ایل نے دوسری باری میں 3 وکٹ پر 179رنز بناکرمجموعی سبقت کو 179کرلیا، عابدعلی69اور خاقان ارسل68 پر ناٹ آئوٹ ہیں، قبل ازیں واپڈا کی ٹیم پہلی باری میں 260 پر آئوٹ ہوگئی، عامر سجاد84 پر ناقابل شکست رہے، محمدارشاد اور طارق ہارون نے 4،4 وکٹیںلیں۔پورٹ قاسم کیخلاف کامیابی کیلیے 178 کا ہدف پانے والی پی ٹی وی کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 16رنز بنالیے، 43 رنز کے گھاٹے میں رہنے والی پورٹ قاسم نے دوسری باری میں شاہ زیب حسن کی سنچری کی بدولت 220رنز جوڑے، شاہ زیب 105رنز بناکر آئوٹ ہوئے، وقار اور یاصم نے 3،3 وکٹیں لیں، پی ٹی وی نے پہلی اننگز میں 359رنز بنائے۔زیڈ ٹی بی ایل کیخلاف سوئی ناردرن کی ناکامی کے آثار نمایاں ہوگئے،پہلی باری میں 80 پر ڈھیر ہونے والی ٹیم 367 کا بھاری بھرکم ہدف پانے کے بعد 35 رنز پر 2 وکٹیں کھوچکی، حریف ٹیم نے دوسری باری 2 وکٹ 236 پر ڈیکلیئرڈ کی، بابراعظم80 اور حارث سہیل50 ناٹ آئوٹ رہے۔